جب تک گمشدہ افراد کے لواحقین کوانصاف نہیں ملا تو لواحقین جی ایچ کیو کے سامنے دھرنا دینگے، آمنہ مسعود جنجوعہ، لواحقین کی وزیراعظم، چیف جسٹس سے انصاف کی امیدیں ختم ہوتی جارہی ہیں ، لاپتہ افراد کو خفیہ حراست اور حراستی مرکزوں میں تیزی کیساتھ شہید کیا جارہا ہے ، موجودہ صورتحال پر سپریم کورٹ کو فوری نوٹس لینا چاہیے،لاپتہ افراد ، گمشدہ افراد کے لواحقین کے ساتھ میڈیا سے گفتگو

جمعرات 28 اگست 2014 08:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اگست۔2014ء) ڈیفنس آف ہیومن رائٹس ، انسانی حقوق کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے رہائشی نوجوان حماد ناصر کو سترہ نومبر 2009ء میں اپنے گھر سے اسلام آباد پولیس نے حراست میں لیا اور انہیں نامعلوم حراستی مقام پرمنتقل کردیا گیا ۔ پچیس اگست 2014ء کو حماد عامر کی میت کوہاٹ کی حراستی سنٹر کی انتظامیہ نے والدین کے حوالے کی ہے ۔

بدھ کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں لاپتہ افراد ، گمشدہ افراد کے لواحقین کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک گمشدہ افراد کے لواحقین کوانصاف نہیں ملا تو گمشدہ افراد کے لواحقین جی ایچ کیو کے سامنے دھرنا دینگے لاپتہ افراد کے لواحقین کی وزیراعظم نواز شریف چیف جسٹس آف پاکستان سے انصاف کی امیدیں ختم ہوتی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کو خفیہ حراست اور حراستی مرکزوں میں بڑی تیزی کے ساتھ شہید کیا جارہا ہے صوبہ کے پی کے میں 43 حراستی مراکز قائم ہوچکے ہیں جن میں کوہاٹ ، لکی مروت ، فورٹ باڑہ ، مالاکنڈ دیگر وغیرہ میں مرکز موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس موجودہ صورتحال پر سپریم کورٹ آف پاکستان کو لاپتہ افراد کو انصاف فراہم کرنے کیلئے فوری نوٹس لینا چاہیے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پشاور ہائی کورٹ میں دی گئی فہرستوں کے مطابق ان مظلوم قیدیوں کی کل تعداد دو ہزار کے قریب بنتی ہے کے پی کے حراستی مراکز کے متعلق وزیراعلیٰ کے پی کے ہوم منسٹر ممبران صوبائی و قومی اسمبلی کو پشاور ہائی کورٹ کی صورتحال سے آگاہ کیا لیکن کوئی حکومتی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ راولپنڈی کے رہائشی حماد عامر کی میت بھی ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے جس پر والدین کو بہت دکھ محسوس ہورہا ہے اور لواحقین غم میں نڈھال ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان بل کی مکمل مخالفت کرتے ہیں اس قانون کے تحت شہریوں کو ماورائے قتل کیا جارہا ہے کے پی کے کے لوگوں کو دن رات اٹھایا جاتا ہے اور بڑی تیزی کے ساتھ لوگوں کی لاشیں مل رہی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاپتہ افراد کے لواحقین کو انصاف نہ ملا تو لواحقین جی ایچ کیو کے سامنے دھرنا دینگے اور بین الاقوامی سطح پر بھی آواز اٹھائینگے انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی و حکومتی جماعتوں نے بھی لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے بھی کوئی اقدامات نہیں کئے جس سے لوگوں میں مایوسی پھیل رہی ہے ۔