آرمی چیف کا کراچی کور ہیڈکوارٹر اور اے ایس ایف کا دورہ،کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ،پاک فوج پولیس کی طرح اے ایس ایف کی تربیت اور ان کی صلاحیت میں اضافہ کیلئے بھی ہر ممکن تعاون کرے گی، آرمی چیف

جمعرات 28 اگست 2014 08:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اگست۔2014ء)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے بدھ کو کراچی کور ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جس میں انہیں آپریشنل تربیت اور کراچی کور کے انتظامی امورپر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف کو اس موقع پر کراچی میں مجموعی امن و امان اورسلامتی کی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔قبل ازیں آرمی چیف یہاں پہنچے تو کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی نے ان پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے ایئرپورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) کا دورہ کیا۔ اے ایس ایف کے فوجیوں سے بات کرتے ہوئے، چیف آف آرمی اسٹاف نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کی تعریف کی اور اس سال مئی میں کراچی ہوائی اڈے پر ایک دہشت گرد حملے کی روک تھام میں ان کی بہادری کا اعتراف کیا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے پاک فضائیہ کے شہداء کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خطرے کو شکست دینے کیلئے ایک مربوط جوابی ردعمل کے لئے تمام سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان زیادہ ہم آہنگی اور رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پولیس فورسز کی طرح پاک فوج اے ایس ایف کی صلاحیت اور انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے او ران کی تربیت کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔