بیگناہوں کا خون رنگ لا رہا ہے، حکمرانوں کی رخصتی قریب ہے: چودھری پرویزالٰہی ،عدالتی ٹربیونل کی رپورٹ پنجاب حکومت کیخلاف تھی اسی لیے چھپائی گئی، اس کی روشنی میں شہبازشریف کی برطرفی ضروری ہے، نوازشریف سمیت تمام ملزموں کیخلاف فوری ایف آئی آر درج کی جائے ،نواز، شہبازشریف اپنے ظلم و تکبر اور آپ کے عزم کے باعث بندگلی میں آ گئے، صرف استعفیٰ دینے کی کھڑکی کھلی ہے، انقلاب مارچ کے شرکا سے خطاب

بدھ 27 اگست 2014 02:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اگست۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید کئے گئے بیگناہوں کا خون رنگ لا رہا ہے، حکمرانوں کی رخصتی قریب ہے، عدالتی ٹربیونل کی رپورٹ پنجاب حکومت کیخلاف تھی اسی لیے چھپائی گئی، اس کے تحت شہبازشریف کی برطرفی ضروری ہے، عدالتی فیصلہ کی روشنی میں نواز،شہبازشریف سمیت تمام ملزموں کیخلاف فوری مقدمہ درج کیا جائے، نواز اور شہبازشریف اپنے ظلم و تکبر اور آپ کے عزم اور صبر و حوصلہ کے باعث بند گلی میں آ گئے ہیں ان کیلئے صرف استعفیٰ دینے کی کھڑکی کھلی ہے۔

وہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے بعد انقلاب مارچ کے شرکا سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینیٹر کامل علی آغا، محمد بشارت راجہ، باؤ رضوان اور دیگر مسلم لیگی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جوڈیشل ٹربیونل کی رپورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہبازشریف اور پنجاب حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے، شہبازشریف کی پریس کانفرنس اور بیان حلفی میں تضاد ہے ان میں حقائق کو چھپایا گیا، رانا ثناء اللہ نے جس میٹنگ کی صدارت کی تھی اس میں شہبازشریف کے پرسنل سیکرٹری توقیر شاہ نے نوازشریف اور شہبازشریف کی نمائندگی کی تھی، شہبازشریف نے اپنے ہاتھوں سے دونوں افراد کو قصوروار قرار دے کر معطل کیا، ٹربیونل کی رپورٹ کی روشنی میں اگر شہبازشریف کی برطرفی اور ایف آئی آر درج نہیں ہوتی تو پھر اس سے بڑی ناانصافی کیا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جب لوگ کہتے تھے کہ کچھ نہیں ہو گا میرا کہنا تھا کہ اس تحریک میں شہیدوں کا خون شامل ہو گیا ہے اب یہ حکومت بچنے والی نہیں، اللہ تعالیٰ کے ہاں دیر ہو سکتی ہے اندھیر نہیں، آہستہ آہستہ حالات واقعات اسی طرف جا رہے ہیں، انہوں نے 14 افراد کو شہید اور 100 کو زخمی کرنے کا جو ظلم کیا ہے اس سے وہ بچ نہیں سکیں گے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ان حکمرانوں کا کردار دیکھیں ان کا اپنے اور اپوزیشن کیلئے علیحدہ علیحدہ قانون ہے، اپوزیشن احتجاج کرے تو کنٹینر لگانے کے علاوہ پانی، بجلی اور خوراک بند کر دی جاتی ہے، جب حکمران ریلیاں نکالیں تو قانون ان کا اپنا ہو جاتا ہے، لاہور کی ریلی میں پٹواریوں کے ذریعہ لوگوں کو لانے، ایل ڈی اے کے ملازمین، مالیوں اور بیلداروں کی حاضریاں لگانے کے باوجود بندے پورے نہ ہو سکے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم سب انقلاب کے راستے پر ہیں، پاکستان میں غریبوں کو انصاف دلانے کیلئے نکلے ہیں، ایسی تبدیلی چاہتے ہیں جس سے معاشرے میں عام اور غریب آدمی کو اس کا حصہ ملے، اب منزل دور نہیں آپ نے نئی تاریخ رقم کی ہے، 15 دنوں سے آپ کا دھرنا جاری ہے لیکن آپ کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ پہلے دن سے بھی زیادہ پرجوش دکھائی دے رہے ہیں، میں اپنی اور دیگر قائدین کی طرف سے آپ سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 10 نکاتی ایجنڈے پر ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کے اتحادی ہیں ڈیڈ لائن ختم ہونے سے قبل بہت سی تبدیلیاں نظر آئیں گی، حکومت مایوسی میں الیکٹرانک میڈیا پر دباؤ بڑھا رہی ہے۔