کراچی،سیاسی محاذ آرائی ،ڈالر سمیت غیر ملکی کرنسیوں کے سامنے روپیہ قدر کھوگیا،انٹر بینک میں ڈالر چھ ماہ بعد ایک سو تین روپے پر پہنچ گیا ،اوپن مارکیٹ میں ڈالر 102روپے سے تجاوزکر گیا

منگل 26 اگست 2014 08:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اگست۔2014ء)سیاسی افق پر محاذ آرائی کی کیفیت کے باعث ڈالر سمیت دیگر اہم غیر ملکی کرنسیوں کے سامنے پاکستانی روپیہ تیزی کے ساتھ اپنی قدر کھوتا جارہا ہے۔پیر کو انٹر بینک میں ڈالر چھ ماہ بعد ایک سو تین روپے پر پہنچ گیا جس کا اسٹیٹ بینک نے نوٹس لے لیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر 102روپے سے تجاوزکر گیا اسی طرح یورو اور برطانوی پاؤنڈ کی قدر بالترتیب134اور168روپے کی بلند سطح پر جاپہنچی۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالرکی قدر میں 1روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید101.60روپے سے بڑھ کر 102.60روپے اورقیمت فروخت101.70روپے سے بڑھ کر102.70روپے ہوگئی اسی طرح1روپے کے اضافے سے اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کی نسبت ڈالر کی قیمت خرید101.20روپے سے بڑھ کر 102.20روپے اورقیمت فروخت101.40روپے سے بڑھ کر 102.40روپے ہوگئی،

فاریکس رپورٹ کے مطابق پیر کے روز یورو کی قدر 50پیسے بڑھ گئی جس سے یوروکی قیمت خرید133.50روپے سے بڑھ کر 134روپے اور قیمت فروخت133.75روپے سے بڑھ کر134.25روپے پر جا پہنچی اسی طرح1.30روپے کے اضافے سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 167.25روپے سے بڑھ کر 168.55روپے اور قیمت فروخت167.50روپے سے بڑھ کر168.80روپے ہوگئی۔

(جاری ہے)

فاریکس ڈیلرز کے مطابق ملک میں جاری سیاسی بحران جہاں عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کمزور کر رہا ہے، وہیں روپے کی بے قدری کا سبب بھی بن رہا ہے ۔ انقلابی ریلیوں اور دھرنوں کے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے، موجودہ سیاسی صورتحال کے باعث روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا رجحان ہے۔ دو ہفتے سے بھی کم عرصے میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں 3.80 کا اضافہ ہوا۔ پیر کو روپے کی قدر میں کمی کے بعد ڈالرچھ ماہ کی بلند سطح پر پہنچ گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ روپے کی گرتی قدر اور ڈالر کی قیمت میں اضافے پر اسٹیٹ بینک نے بینکوں کے حکام کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں ڈالر کی بڑھتی قیمت کا جائزہ لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :