سیاسی جماعتوں کا دباؤ ہے کہ تحریک انصاف کے استعفے قبول نہ کئے جائیں مگر زیادہ دیر انہیں نہیں لٹکاسکتا،سپیکر،اراکین سے رابطے کرونگا،استعفوں کی تعداد نہیں بتاسکتا مجھے 25کے بعد گنتی بھول جاتی ہے،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صحافیوں سے مختصر گفتگو

منگل 26 اگست 2014 08:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اگست۔2014ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کا دباؤ ہے کہ تحریک انصاف کے استعفے قبول نہ کئے جائیں مگر زیادہ دیر انہیں نہیں لٹکاسکتا،اراکین سے رابطے کروں گا،استعفوں کی تعداد نہیں بتاسکتا مجھے 25کے بعد گنتی بھول جاتی ہے۔

(جاری ہے)

پیر کے روز صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے کہا کہ تحریک انصاف کے استعفے مجھے مل گئے ہیں میں نے لفافہ کھول دیا ہے ، استعفوں کی تعداد نہیں بتا سکتا تاہم پچیس کے بعد گنتی مجھے بھول جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر سیاسی جماعتوں کادباؤ ہے کہ استعفے قبول نہ کئے جائیں لیکن میں زیادہ دیر تک ان استعفوں کو لٹکا نہیں سکتا جو بھی کارروائی کرونگا وہ آئین اور قانون کے مطابق کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اراکین کو خط بھی لکھے جائینگے اور ٹیلی فون بھی کئے جائینگے اور جن اراکین کی آواز میں نہیں پہنچاتا ان کو بلایا بھی جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر استعفے ہاتھ سے لکھے ہوئے ہیں اور انگریزی میں ہیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ یہ استعفے مجھے مخاطب کرکے لکھے گئے ہیں یاچیئرمین پارٹی کو ۔