ملک میں خون خرابہ ہوتادیکھ رہاہوں ،عوام آج محتاط رہیں ،الطاف حسین ،سیاسی بحران کے حل کیلئے ایم کیوایم کے 25اراکین قومی اسمبلی کے استعفے حاضرہیں ،نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 26 اگست 2014 08:09

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اگست۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین نے آئندہ 12گھنٹوں کوملک کیلئے انتہائی اہم اورخطرناک قراردیتے ہوئے کہاہے کہ وطن عزیزمیں خون خرابہ نظرآرہاہے ،عوام آج محتاط رہیں اوربلاکسی ضرورت کے گھرسے باہرنہ نکلیں ۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ ملکی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوتی جارہی ہے ،ہماری دعاہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کوسلامت رکھے ،ایسالگ رہاہے کہ خون خرابہ ہونے والاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کواورباالخصوص پارلیمنٹ ہاوٴس سراپااحتجاج سیاسی قائدین اورحکومت سے کہاہے کہ وہ ملک میں قیام امن کیلئے لچک کامظاہرہ کریں اورخداراعوام کوبے چینی سے نکالیں ۔الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم سیاسی بحران کے حل کیلئے ہرقسم کی قربانی دینے کوتیارہے یہاں تک کہ ہمارے 25اراکین قومی اسمبلی کے استعفے بھی حاضرہیں اگران استعفوں سے مسئلہ حل ہوتاہے توالیکشن کمیشن آف پاکستان فوری طورپرالیکشن کروائے ہم حاضرہیں ۔