چین ہمارا آزمودہ دوست ہے جو ہماری ضروریات کو سمجھتا ہے،نواز شریف،وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، جوائنٹ چائنہ کمیشن کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی

منگل 26 اگست 2014 08:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اگست۔2014ء ) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ چین ہمارا آزمودہ دوست ہے جو ہماری ضروریات کو سمجھتا ہے،اس نے ہماری ضروریات کی تکمیل کے لئے ہمیشہ مدد دی۔انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں اپنی زیر صدارت ایک اجلاس میں کہی جس میں جوائنٹ چائنہ کمیشن کے آئندہ تیسرے اجلاس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ۔

اجلاس میں اس ہفتہ بیجنگ میں ہونے والے کمیشن کے تیسرے اجلاس کے ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا جس میں پاکستانی وفد کے ارکان وفاقی وزیر منصوبہ بندی، پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ و دیگر سینئر سرکاری حکام شرکت کریں گے۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اجلاس میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور توانائی سے متعلق منصوبوں پر توجہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے اس ماہ کے اوائل میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں 10400 میگاواٹ استعداد کے بجلی کے منصوبوں کو اولین ترجیح دیئے جانے کے لئے چینی حکومت کی منظوری پر اپنی توانائی اور اقتصادی ٹیموں کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔پاکستان کے لئے چینی امداد کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین ہمارا آزمودہ دوست ہے جو ہماری ضروریات کو سمجھتا ہے اور اس نے ہماری ضروریات کی تکمیل کے لئے ہمیشہ مدد دی۔

متعلقہ عنوان :