شاہراہ دستور بارے عدالتی فیصلے پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے،چوہدری نثار، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہیں ، توقع ہے کہ معاملات خوش اسلوبی سے طے کرلئے جائیں گے،وفاقی وزیر داخلہ کی اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ کے ہنگامی اجلاس میں ہدایت ، وزیرداخلہ کاریڈزون کادورہ ، پارلیمنٹ ہاوٴس ،پاک سیکرٹریٹ ،وزیراعظم ہاوٴس،سپریم کورٹ سمیت حساس اوراہم عمارتوں کی سیکورٹی مزیدسخت کرنیکی ہدایت

منگل 26 اگست 2014 07:58

ااسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اگست۔2014ء)وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات چوہدری نثار علی خان نے عدالت عظمیٰ کی طرف سے آزادی اور انقلاب مارچ کے شرکاء سے شاہراہ دستور خالی کرانے سے متعلق احکامات کی روشنی میں اقدامات پر غور کے لئے پیر کو اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہا جائے اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔

وزیر داخلہ نے اس توقع کا اظہار کیا کہ معاملات خوش اسلوبی سے طے کرلئے جائیں گے اور اس سلسلے میں بات چیت جاری اور مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جڑواں شہروں کی انتظامیہ کے ساتھ ریڈ زون سے مارچوں کے شرکاء کے ممکنہ اخراج کے معاملہ اور انہیں کوئی دوسرا محفوظ مقام فراہم کرنے کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے دونوں مارچوں کے شرکاء کے لئے ممکنہ نئے مقامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں شرکاء اور علاقے کے مکینوں کے لئے سیکورٹی انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس میں پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور دنگا فساد کرنے والوں کو منتشر کرنے کے لئے جدید آلات فراہم کرنے کے بارے میں بھی غور کیا گیا۔انہوں نے پولیس فورس کیلئے جدید تربیت اور مزید خواتین کانسٹیبلز بھرتی کرنے اور انہیں مناسب تربیت فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست پولیس فورس کے ذریعے اپنی رٹ قائم کرتی ہے اور اگر ایسا نہ کیا جائے تو معاشرے کا امن خواب بن کر رہ جاتا ہے۔دریں اثناء وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کاریڈزون کادورہ ،وزیرداخلہ نے پارلیمنٹ ہاوٴس ،پاک سیکرٹریٹ ،وزیراعظم ہاوٴس،سپریم کورٹ آف پاکستان سمیت حساس اوراہم عمارتوں کی سیکورٹی کومزیدسخت کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے جبکہ آج منگل کوپرویزمشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے موقع پروفاقی شرعی عدالت کی سیکورٹی کوبھی مزیدموٴثربنانے کی ہدایت کی ہے۔

پیرکی شب چوہدری نثارعلی خان نے ریڈزون کادورہ کیاجہاں قائمقام آئی جی اسلام آبادخالدخٹک اورایس ایس پیز آپریشن وسیکورٹی ڈویژن نے اس موقع پروزیرداخلہ کوریڈزون کی موجودہ سیکورٹی صورتحال اورانتظامات بارے بریفنگ دی ۔وزیرداخلہ نے اپنے دورے کے دوران پارلیمنٹ ہاوٴس ،پاک سیکرٹریٹ ،شاہراہ دستور،وفاقی شرعی عدالت ،فارن آفس،ڈپلومیٹک انکلیواورسپریم کورٹ کی سیکورٹی کابھی تفصیلی جائزہ لیااورمذکورہ مقامات سمیت ریڈزون میں واقع تمام حساس واہم بلڈنگزکی سیکورٹی مزیدبہتربنانے کی ہدایت جاری کی ہے ۔

ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ نے آج وفاقی شرعی عدالت میں سابق صدرپرویزمشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے موقع پرشرعی عدالت کی سیکورٹی کومزیدبہتربنانے کی بھی ہدایت جاری کی ہے جبکہ سپریم کورٹ آف پاکستان سمیت شاہراہ دستورکی مجموعی سیکورٹی کوموٴثربنانے کاحکم دیاہے