پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعے کے معاملے پر پاکستان نے دریائے چناب پر بنائے گئے کشن گنگا ڈیم کے منصوبے پر اعتراض کردیا بھارت سے دریاؤں کا ریکارڈ مانگ لیا مطالبہ تسلیم نہ ہوا تو غیر جانبدار ثالث سے رجوع کریں گے‘ پاکستان نے بھارت کو وارننگ دے دی

پیر 25 اگست 2014 08:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء) پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعے کے معاملے پر پاکستان نے دریائے چناب پر بنائے گئے کشن گنگا ڈیم کے منصوبے پر اعتراض کرتے ہوئے بھارت سے دریاؤں کا ریکارڈ مانگ لیا‘ مطالبہ تسلیم نہ ہوا تو غیر جانبدار ثالث سے رجوع کریں گے‘ پاکستان نے بھارت کو وارننگ دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات کے معاملے پر بات چیت کا پہلا دور لاہور میں ہوا جس میں انڈس واٹر کمشنر افسران سمیت آبی ماہرین نے بھی شرکت کی۔

بھارت کی جانب سے کشور ندر وہرہ اور پاکستان کی جانب سے انڈس واٹر کمشنر آصف بیگ مرزا نے اپنے وفد کی قیادت کی۔ مذاکرات کے پہلے دور میں پاکستان نے کشن گنگا ڈیم کے ڈیزائن پر اعتراض کرنے کے علاوہ دریائے چناب پر چار مجوزہ بھارتی ڈیموں پر بھی اعتراض کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے بھارتی ڈیم پر اعتراض کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا اور کہا کہ بھارت کے پاکستانی دریاؤں پر ڈیم بنانا سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

بھارت ان ڈیموں پر سپل ویز نہیں بناسکتا اور اگر بنانا ہے تو اونچی سطح پر بنایا جائے۔ اگر سپل ویز نجی سطح پر نہ بنائے گئے اور ہمارے مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو پھر ہم غیر جانبدار ثالث سے رجوع کرسکتے ہیں لہٰذا بھارت کشن گنگا ڈیم منصوبہ میں تبدیلی لائے اور دریاؤں کا ریکارڈ پاکستان کے حوالے کرے۔

متعلقہ عنوان :