علی بابا چالیس چور آج جمہوریت کی چھتری کے نیچے اکٹھے ہو کر سول ڈکٹیٹر شپ کے تمام ریکارڈ توڑ رہے ہیں، پرویز مشرف، انکی جمہوریت کا عالم توشاہراہ جمہوریت پر واضح نظر آ رہا ہے جس میں ہزاروں خواتین، بچے، بوڑھے، مرد و جوان پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں،دھرنے کے شرکاء کے نام پیغام،مشرف پہلے دن سے ڈاکٹر طاہر القادری کے ایجنڈے کو سپورٹ کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے،ڈاکٹر امجد،اصل دہشت گرد تو حکومت ہے جس نے نہتے شہریوں کو شہید کیا، راشد قریشی

پیر 25 اگست 2014 08:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء)سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ علی بابا چالیس چور آج جمہوریت کی چھتری کے نیچے اکٹھے ہو کر سول ڈکٹیٹر شپ کے تمام ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔ انکی جمہوریت کا عالم توشاہراہ جمہوریت پر واضح نظر آ رہا ہے جس میں ہزاروں خواتین، بچے، بوڑھے، مرد و جوان پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور ظلم کی حد یہ ہے کہ انکے گرد کنٹینرز اس لیے لگا دیئے گئے ہیں کہ دہشت گردی کا خطرہ ہے ۔

جمہوریت تو میرے دور میں تھی جب دو مرتبہ بلدیاتی اور عام انتخابات ہوئے اور حکومتوں نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنی آئینی مدت پوری کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے پارٹی کارکنو ں سے انقلاب مارچ میں شرکاء میں کھانے کی تقسیم کے موقع پر ایک پیغام میں کہی جو پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر امجد نے سنایا۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف نے کہا کہ اس سے پہلے بھی اور آج بھی میں نے پارٹی ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ وہ انقلاب مارچ میں شامل شرکاء کو پینے کا صاف پانی اور ناشتہ/کھانا مہیا کریں ۔

اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل آل پاکستان مسلم لیگ ڈاکٹر محمد امجدنے کہا کہ نہتے شہریوں کو گولیاں مار کر شہید کرنے کے بعد ذمہ داران کیخلاف ایف آئی ار تک درج نہ کرنا اور جمہوریت کے دعوے کرنا یہ کہاں کی جمہوریت ہے ،پرویز مشرف پہلے دن سے ڈاکٹر طاہر القادری کے ایجنڈے کو سپورٹ کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

انہوں نے انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب کے دوران کہا کہ سید پرویز مشرف کل بھی علامہ طاہرالقادری کے ایجنڈے کو سپورٹ کرتے تھے اور آج بھی کرتے ہیں اور کل بھی ہم سے جہاں تک بھی ہو سکا ہرممکن سپورٹ کریں گے،ہزاروں کارکن چےئرمین آل پاکستان مسلم لیگ سید پرویز مشرف کی ہدایت پر مارچ میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز حکومت نے ظلم و ستم کے پچھلے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں کہ نہتے شہریوں کو گولیاں مار کر شہید کرنے کے بعد ظلم پہ ظلم دیکھیں کہ ایف آئی آر تک درج نہیں ہو رہی۔ عدالتی حکم کے باوجود بہانوں سے کام اس لیے لیا جا رہا ہے کہ نواز برادران حکومت میں ہیں اور وزیر اعلیٰ اور وزیراعظم کے خلاف کون ایف آئی آر درج کرے گا۔ یوم شہداء پر قرآن خوانی کے لیے آنیوالے نہتے شہریوں کو نا صرف گولیاں ماری گئیں بلکہ انکے راستوں پر کنٹینر رکھ کر انہیں اس مقدس کام سے روک دیا گیا، اسطرح تو غیر اسلامی و مغربی معاشروں میں بھی نہیں ہوتا۔

انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) راشد قریشی نے کہا کہ اصل دہشت گرد تو یہ حکومت ہے جس نے نہتے شہریوں کو گولیاں مار کر شہید کرنے کے بعد دہشت گردی کے نام پر کنٹینروں میں محصور کر کے ضروریات زندگی ان لوگوں پر تنگ کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج آل پاکستان مسلم لیگ کا اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل آل پاکستان مسلم لیگ ڈاکٹر محمد امجد کر رہے ہیں۔

سید پرویز مشرف کی ہدایت پر انہیں پینے کا صاف پانی اور ناشتہ فراہم کرنے آیا ہے۔ ہمیں بھی راستے میں پانچ ناکوں پر روکا گیا، اسپیشل برانچ نے ہماری گاڑیوں کے نمبر اور نام ریکارڈ میں لائے اور میڈیا کی مداخلت پر ہمیں ان شرکاء تک پہنچنے دیا گیا، خرم نواز گنڈا پور سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک نے وفد کا استقبال کیا، پانی اور ناشتہ فراہم کرنے پر سید پرویز مشرف، ڈاکٹر محمد امجد اور میجر جنرل(ر) راشد قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے وفد میں چوہدری اسد محمود، سید مصطفی شاہ، فیصل کاسترو، سردار رفیق، جاوید بھٹی، سردار عامر، راحیل فینی، شیخ ساجد ، ناصر خان و دیگر شامل تھے۔