حکومت اور تحریک انصاف میں مذاکرات کا عمل خوش آئند ہے ،سراج الحق ،جوڈیشل کمیشن کی حکومتی تجویز ماننا جمہوریت کیلئے راستے ہموار کرنے کا ذریعہ ہے، جماعتی مفادات سے بالا تر ہوکر جمہوریت کیلئے سرگرم ہے، سپیکر قومی اسمبلی تحریک انصاف کے استعفے قبول نہ کریں،جمہوری نظام کو کسی صورت بھی ڈی ریل نہیں ہونا چاہیے، امیر جماعت اسلامی

اتوار 24 اگست 2014 09:34

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اگست۔2014ء) حکومت اور تحریک انصاف میں مذاکرات کا عمل خوش آئند ہے۔ تحریک انصاف کی طرف جوڈیشل کمیشن کی حکومتی تجویز کو ماننا جمہوریت کیلئے راستے ہموار کرنے کا ذریعہ ہے بالاآخر مذاکرات ہی کسی بھی مسئلے کا حل ہوتے ہیں جماعت اسلامی ملک میں مفادات سے بالا تر ہوکر جمہوریت کیلئے سرگرم عمل ہے ملک کی 18 کروڑ عوام اسوقت پریشانی میں گھیری ہوئی جذباتی ماحول اور انتشار سے جمہوریت اور آئین کو نقصان ہوسکتا ہے وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جائے سپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ ہے کہ وہ تحریک انصاف کی طرف سے پیش کئے گئے استعفے قبول نہ کریں ملک کو جمہوری نظام کو کسی صورت بھی ڈی ریل نہیں ہونا چاہیئے ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے دورہ سرگودھا کے موقع پر کمپنی باغ سرگودھا عوامی جلسہ عام سے خطاب اور عہدیداران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ فریقین کا مذاکرات کی میز پر آنا ملک کیلئے خوش آئند ہے میں نے تحریک انصاف سے اپنی ملاقاتوں کے دوران کہا تھا کہ کسی بھی کام میں جلد بازی نہ کی جائے جس سے نہ صرف انہیں بلکہ ملک کو بھی نقصان ہو خواہشات پر کبھی حکومتی ختم نہیں ہوتیں اس وقت ملک میں تمام سیاسی جماعتیں ملکی جمہوری نظام کو بچانے کیلئے سر توڑ کوششوں میں مصروف ہیں

سراج الحق نے کہا کہ ملک میں جاری بحران آئین کے دائرہ کار میں رہ کر حل کیا جائے مذاکراتی ٹیموں کو پر امن ماحول میں مذاکرات کرنے چاہئیں اور ہر حال میں مذاکرات کو بامقصد بناکر ملک کو بحران سے نکالا جائے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگو سیاسی کشیدگی کے باعث جلتی پر تیل چھڑکنے کا کام کررہے ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی ایف آئی آر درج نہ کرنا بھی قابل مذمت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جمہوری نظام میں کسی دوسرے ملک کو مداخلت کا کوئی حق نہیں ملک اسوقت شدید بحران کا شکار ہے لیکن ملک میں جاری سیاسی کشیدگی ہر محب وطن پاکستانی کیلئے مسئلہ بنی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جس طرح شرکائے دھرنا کیساتھ صبر سے کام لیا ہے وہ قابل ستائش ہے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر پہلی فرصت میں وی آئی پی کلچر کا خاتمہ اور بیرون ممالک سے پاکستان دولت واپس لائے گی انہوں نے کہا جماعت اسلامی ملک میں یکساں نظام رائج کریگی جس سے نہ صرف وی آئی پی کلچر کا خاتمہ بلکہ ہر شخص کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہمارے منشور کا حصہ ہے سرگودھا میں امیر جماعت اسلامی کی آمد کے موقع پر آتشبازی کا زبردست مظاہرہ کیا گیا اور شرکاء نے امیر جماعت اسلامی کی آمد کے موقع پر کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا۔