آئینی مدت پوری کرنا پارلیمنٹ کا حق ہے میں پاکستان اور پارلیمنٹ کے ساتھ ہوں ، زرداری ،وزیراعظم سے کہا کہ صبر وتحمل سے کام لیں اور معاملات سیاسی طور پر حل کریں ، تھرڈ امپائر کی بات ہوگی تو دور تک جائے گی ، ہماری کوشش ہے بحران ٹل جائے ہم سب مل کر کوئی نہ کوئی حل نکالیں گے ، وقت آپس میں لڑائی کا نہیں ہے ، ہم اپوزیشن میں ہیں اپوزیشن میں رہیں گے بدتمیزی کی سیاست نہیں کرینگے ،لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 24 اگست 2014 09:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اگست۔2014ء) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئینی مدت پوری کرنا پارلیمنٹ کا حق ہے میں پاکستان اور پارلیمنٹ کے ساتھ ہوں ، وزیراعظم سے کہا کہ صبر وتحمل سے کام لیں اور معاملات سیاسی طور پر حل کریں ، تھرڈ امپائر کی بات ہوگی تو دو رتک جائے گی ، ہماری کوشش ہے کہ بحران ٹل جائے ہم سب مل کر کوئی نہ کوئی حل نکالیں گے ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ وقت آپس میں لڑائی کا نہیں ہے طالبان نے ہمارے بچوں کی زندگیاں حرام کررکھی ہیں تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کررہا ہوں آپریشن ضرب عضب کے تناظر میں قوم کو اعتماد کی ضرورت ہے کسی حل میں بھی جمہوریت ڈی ریل نہیں ہونی چاہیے مذاکرات شروع ہونے پر مطالبات کم ہوجایا کرتے ہیں رنجشیں ہیں تو رنجشیں مذاکرات سے دور کی جاسکتی ہیں پانچ سال ہمارے ساتھ الزامات لگاتے رہے آہستہ آہستہ آگے بڑھے ہیں تمام سیاسی قوتوں سے بات چیت کررہا ہوں اور آپس میں مسائل کم کرینگے ایک جمہوری حکومت دوسری جمہوری حکومت کو ختم نہیں کرسکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کیلئے ہوں پارلیمنٹ کی مضبوطی کے عہد پر قائم ہوں پارلیمنٹ کو تمام اختیارات میں نے دیئے پارلیمنٹ سمیت کسی نے نہیں مانگے ۔ بے نظیر بھٹو نے 17سیٹیں لیں اور پھر بھی پارلیمنٹ میں بیٹھیں ۔ وزیراعظم سے بھی ملاقات ہوئی ان کو بھی صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کا سیاسی طور پر معاملات حل کرنے کی کوششیں کریں امیر جماعت اسلامی کے امیر سے ملاقات ہے ۔

مولانافضل الرحمن اور الطاف حسین سے بھی بات چیت ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ سسٹم کو ٹھیک کرنا ہے انتخابی اصلاحات ہونی چاہیں آئین میں رہتے ہوئے تبدیلیاں کرسکتے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس کراچی میں طلب کرلیا ہے پارٹی کو اعتماد میں لوں گا ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فارمولہ حکومتیں خود بناسکتی ہیں میں ان کو صرف یہ کہہ سکتا ہوں جتنا پیار سے کام کریں ٹھیک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا حق ہے کہ وہ اپنی آئینی مدت پوری کرے میں اس ملک اور پارلیمنٹ کے لیے ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن میں ہیں اپوزیشن میں رہیں گے بدتمیزی کی سیاست نہیں کرینگے میرے خلاف پانچ سال لوگوں نے غلط زبانی استعمال کی انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو استعفے دینے کا بھی سال تھا سیاسی قوتوں کا ہونا پاکستان کیلئے بہت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بحران نکل جائے حکومت اور اپوزیشن غلطیاں ہوں گی آہستہ آہستہ آگے بڑھتے ہوئے اچھی حکومتیں بنائینگے ۔

انہوں نے کہا کہ امپائر سیاسی ہے تھرڈ امپائر قوتوں کی نہیں ہے تھرڈ امپائر کی بات ہوگی تو دور تک جائے گی سیاستدانوں کو آپس میں مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنے ہوں گے معاملات کا حل مذاکرات اور صرف مذاکرات ہیں جمہوری حکومت کو اسٹریٹ پاور کے ذریعے ختم نہیں کرنا چاہیے جمہوریت کا مطلب ہی مذاکرات ہے ۔