معاملات کو حل کرنے کیلئے بامقصد مذاکرات کئے جائیں ، جنرل راحیل شریف،وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی آرمی چیف سے ملاقات، پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے جاری دھرنوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا، ہوسکتا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات مکمل ہونے تک کیلئے شہباز شریف وزارت اعلیٰ چھوڑ دیں،مبصرین

جمعرات 21 اگست 2014 09:21

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اگست۔2014ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف پر زور دیا ہے کہ معاملات کو حل کرنے کیلئے بامقصد مذاکرات کئے جائیں ۔ باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بدھ کو راولپنڈی میں آرمی چیف سے ملاقات کی جس میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے جاری دھرنوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے معاملہ کے جلد حل کیلئے بامقصد مذاکرات پر زور دیا ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ 48گھنٹوں کے دوران دو مرتبہ آرمی چیف سے وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقاتیں کیں جن میں تازہ ترین صورتحال پر غور کیا گیا اور اس کے بعد بدھ کو سہ پہر آرمی چیف سے وزیراعلیٰ پنجاب نے تنہا ملاقات کی جس میں آرمی چیف نے معاملات کو جلد حل کرنے پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

ان ملاقاتوں کو انتہائی اہمیت دی جارہی ہے اور صورتحال پر نظر رکھنے والے مبصرین نے امید ظاہر کی ہے کہ ان ملاقاتوں کے سلسلے میں انتہائی کشیدہ صورتحال معمول پر آسکتی ہے اور دونوں فریق کسی سمجھوتے تک پہنچ سکتے ہیں جبکہ بعض مبصرین اس خیال کا بھی اظہار کررہے ہیں کہ ہوسکتا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات مکمل ہونے تک کیلئے شہباز شریف وزارت اعلیٰ چھوڑ دیں ۔