انقلاب مارچ کے جوانوں نے پولیس کی بھی حفاظت اپنے ذمہ لے لی، پسپاہونیوالے جوانوں کے گرد سیکورٹی حصار بنائے رکھا، خواتین انقلابیو ں کی پولیس اہلکاروں پر گلاب کی پتیوں کی بارش، طاہر القادری کی گاڑی خواتین سکاؤٹس کے حصار میں

بدھ 20 اگست 2014 09:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء)انقلاب مارچ کے جوانوں نے پولیس کی بھی حفاظت اپنے ذمہ لے لی، پسپاہونیوالے جوانوں کے گرد سیکورٹی حصار بنائے رکھا، خواتین انقلابیو ں کی پولیس اہلکاروں پر گلاب کی پتیوں کی بارش، طاہر القادری کی گاڑی خواتین سکاؤٹس کے حصار میں رہی ۔ انقلاب مارچ کے شرکاء انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ آگے بڑھا۔

پولیس کی جانب سے ابتدائی دو رکاوٹوں کے مقامات کو تیزی سے مظاہرین نے کلیئر کرلیا۔ دلچسپ بات یہ دیکھنے میں آئی کہ پولیس کی جانب سے پسپائی اختیار کرنے کے بعد بھی نفری شاہراہ سہروردی کے دونوں موجود رہی جبکہ عوامی تحریک کے نوجوانوں نے انکے آگے حفاظتی حصار قائم کرلیا تاکہ مظاہرین مشتعل ہوکر کسی سیکورٹی اہلکار کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مارچ عین وسط میں ڈاکٹر طاہر القادری کی گاڑیوں کو خواتین سکاؤٹس نے حفاظتی حصار میں لئے رکھا سڑک کنارے کھڑے پولیس اہلکاروں پر پسپائی اختیار کرنے پر خوشی میں عوامی تحریک کی خواتین نے گلاب کی پتیوں کی بارش کردی جس پر پولیس اہلکاراظہار تشکر کرتے رہے۔ عوامی تحریک کے انقلاب مارچ کی حفاظت کیلئے تحریک منہاج القرآن کے 5000 ہزار کارکنان کا حفاظتی دستہ خصوصی خدمات انجام دیتا رہا جو مارچ کا فرنٹ لائن کا کردار ادا کرتا رہا اور راستے کی رکاوٹیں دور کرنا بھی اسی دستے کی ذمہ داری تھی۔