انقلاب اور آزادی مارچ کا مل جانا اللہ کی رحمت ہے،چودھری پرویزالٰہی ،نواز، شہباز شریف بہت جلد استعفے دینگے، انشاء اللہ آئندہ بھی سب آن بورڈ ہونگے، مارچ میں پیش قدمی کے دوران گفتگو

بدھ 20 اگست 2014 09:31

اسلام آباد/ لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے انقلاب مارچ میں ہزاروں مسلم لیگی کارکنوں کے ہمراہ پیش قدمی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انقلاب اور آزادی مارچ اللہ کی رحمت سے اکٹھے ہو گئے ہیں جو نہایت خوش آئند بات ہے، لاکھوں افراد کا یہ سمندر پرامن طور پر آگے بڑھ رہا ہے اور پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پہنچ کر نوازشریف اور شہبازشریف کے استعفیٰ تک وہیں رہے گا۔

آرمی چیف سے نوازشریف، شہبازشریف اور چودھری نثار کی ملاقات کے بارے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ بار بار فوج کو ملوث کرنے اور عوام کو غلط تاثر دینے کی ناکام کرشش کر رہے ہیں، پاک فوج ہمارا قابل احترام قومی ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد شامل ہو تو تمام امور میں صحیح سمت میں پیش رفت ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مارچ کے شرکاء انشاء اللہ بہت جلد کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ حکمران جلد فارغ ہوں گے آج سب آن روڈ ہیں اور آن بورڈ بھی ہیں مستقبل میں بھی سب آن بورڈ رہیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ کے ممتاز رہنما طارق بشیر چیمہ، محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیر الدین، احمد یار ہراج، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی اور دیگر رہنما بھی مارچ میں شامل تھے۔