” عمران خان سے اپیل کرتا ہو ں کہ دھرنے کی ناکامی کا بدلہ پاکستان سے نہ لیں “، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں ، آزادی مارچ کو بربادی مارچ میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے :شہبازشریف،”تاجر ٹیکس نہ دیں ، عوام بل روک لیں اور بیرون ملک پاکستانی زر مبادلہ نہ بھیجیں“،یقین نہیں آتا کہ کوئی محب وطن پاکستانی یہ الفاظ ادا کر سکتا ہے،کسی پاکستانی کا قائداعظم کی بجائے گاندھی کو لیڈر قرار دینا بدبختی کے سوا کچھ نہیں،عمران نے تحریک پاکستان کے شہداء کی روحوں کو تکلیف پہنچائی،وزیراعلیٰ کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

بدھ 20 اگست 2014 09:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں ، آزادی مارچ کو بربادی مارچ میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے ۔”تاجر ٹیکس نہ دیں ، عوام بل روک لیں اور بیرون ملک پاکستانی زر مبادلہ نہ بھیجیں“ ،یقین نہیں آتا کہ کوئی محب وطن پاکستانی یہ الفاظ ادا کر سکتا ہے۔ میں عمران خان سے اپیل کرتا ہو ں کہ دھرنے کی ناکامی کا بدلہ پاکستان سے نہ لیں ۔

وہ یہاں اراکین اسمبلی کے وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ استعفیٰ لینے کا مطالبہ کرنے والے استعفے دینے کی باتیں کر رہے ہیں، یہ کیسا یو ٹرن ہے؟ پوری قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ احتجاجی عناصر کے کسی بھی غیر آئینی مطالبے کو تسلیم نہیں کرتی۔

(جاری ہے)

بچوں اور خواتین کو ڈھال بنا کر پاکستان کے مستقبل سے کھیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے سول نافرمانی کی کال یکسر مسترد کرنے پر تاجر برادری، صنعتکاروں سمیت پوری قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے محبت کرنے والے کسی ایک بھی فرد نے سول نا فرمانی کے اعلان کی حمایت نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنا برا بھلا اچھی طرح سمجھتے ہیں -

” ٹیکنو کریٹ حکومت“ کے بعد سول نافرمانی کی کال نے تحریک انصاف کو بکھیر کر رکھ دیاہے ۔

عمران خان نے ہر روز بیانات بدلنے کا ورلڈریکارڈ قائم کیاہے اور ذاتی انا اور ضد نے انہیں سیاست میں تنہا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی پاکستانی کا قائداعظم کی بجائے گاندھی کو لیڈر قرار دینا بدبختی کے سوا کچھ نہیں۔اس طرح عمران خان نے آزادی مارچ کے نام پر تحریک پاکستان کے شہداء کی روحوں کو تکلیف پہنچائی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم صرف مسلم لیگ والوں کے نہیں 18کروڑ پاکستانیوں کے راہنما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور ذاتی مفادات کی ملک وقوم کے سامنے کوئی حیثیت نہیں اور پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ ملک وقوم کے مفاد کو عزیز رکھا ہے۔ہماری سیاست کا محور عوام ہیں اورپاکستان کے لئے ہمارا تن من دھن سب کچھ حاضر ہے۔