ریڈزون سکیورٹی،وزیراعظم سے وزیر داخلہ ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وفا قی وزیر احسن اقبال کی اہم ملاقات، وزیر داخلہ نے وزیراعظم نواز شریف کو دھرنوں کی سکیورٹی س پلاننگ سے متعلق آگاہ کیا

بدھ 20 اگست 2014 09:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء ) دھرنوں اور احتجاج کی بگڑتی صورت حال اور ریڈ زون کی سکیورٹی سے متعلق وزیراعظم سے وزیر داخلہ، وزیر دفاع اور احسن اقبال نے اہم ملاقات کی، ملاقات میں ریڈ زون کی سکیورٹی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم ہاوٴس میں وزیراعظم، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور احسن اقبال نے اہم ملاقات کی،اجلاس میں ریڈ زون کی سکیورٹی اور دھرنوں کے شرکاء کی متعلقہ علاقے میں آمد کو روکنے سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر داخلہ نے وزیراعظم نواز شریف کو دھرنوں کی سکیورٹی س پلاننگ سے متعلق آگاہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں عمران خان اور طاہر القادری کی ڈیڈ لائن پر بھی مشاورت کی گئی، اجلاس میں پی ٹی آئی اور پی اے ٹی سے اب تک کے رابطوں پر بھی غور کیا گیا، اجلاس کے دوران وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ریڈ زون کی سکیورٹی کیلئے تمام ضروری انتظامات کر لیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس وقت اسلام آباد میں40ہزار سے زائد سکیورٹی اہل کاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اجلاس کے بعد وزیر داخلہ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے دھرنوں کے مقامات کا فضائی جائزہ بھی لیا۔واضح رہے کہ ریڈ زون کو ہائی سکیورٹی زون قرار دے کر تین حصار قائم کئے گئے ہیں، فرنٹ لائن پر پولیس، دوسرے حصار میں ایف سی اور تیسرے حصار میں رینجرز کو تعینات کیا گیا ہے۔ ریڈ زون جانے والے تمام راستے بھی مکمل طور پر سیل کردیئے گئے ہیں۔علاقے میں تعینات دس ہزار سے زائد پولیس، ایف سی اور رینجرز اہل کاروں تعینات ہیں، علاقے میں داخلے کی خلاف ورزی پر انتطامیہ کی جانب سے ربڑ کی گولیاں، نمک ، آنسو گیس کے شیل اور واٹر کینن کا استعمال کیا جاسکتا ہے