بھارت نے پاکستان سے 25اگست کو خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر ہونے والی مجوزہ ملاقات ملتوی کردی،فیصلے سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو آگاہ کردیا گیا ،پا کستان کی بھارت کی جانب سے سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات منسوخ کرنے کی تصدیق، پاکستان کی تعلقات میں بہتری کی کوششوں کو شدید دھچکا قرار

منگل 19 اگست 2014 09:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اگست۔2014ء)بھارت نے پاکستان سے 25اگست کو خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر ہونے والی مجوزہ ملاقات ملتوی کردی ہے اور اس فیصلے سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو آگاہ کردیا گیا ہے ۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق بھارتی حکام کی جانب سے ہائی کمشنر کو اس فیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے تاہم اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ۔

ذرائع نے امید ظاہر کی ہے کہ اس حوالے سے بھارتی حکام سے رابطے کے بعد ہی مذاکرات ملتوی کرنے کی وجوہات اور آئندہ کے پروگرام کے حوالے سے کچھ کہا جاسکے گا ۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹریوں کی پچیس اگست کو اسلام آبادمیں ملاقات طے تھی جس میں انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مسئلہ کشمیر اور تجارت سمیت دیگر امور پر جامع مذاکرات کی بحالی کا جائزہ لینا تھا ۔

(جاری ہے)

اس ملاقات کا فیصلہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ان کی حلف برداری تقریب کے بعد ہونے والی ملاقات میں کیا گیا تھا ۔

ادھرپا کستان نے بھارت کی جانب سے پاک بھارت سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات منسوخ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے پاکستان کی تعلقات میں بہتری کی کوششوں کو شدید دھچکا قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ مذاکرات سے قبل کشمیری رہنماؤں سے ملاقاتیں نئی بات نہیں ہے ۔

یہ مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کی کوشش ہے ۔ پیر کے روز دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ ہمارے ہائی کمشنر نے آگاہ کیا ہے کہ بھارت کی وزارت خارجہ نے انہیں بتایا ہے کہ بھارت نے ہائی کمشنر کی کشمیری رہنماؤں سے ملاقاتوں کے باعث سیکرٹری خارجہ کی سطح کے مذاکرات منسوخ کردیئے ہیں جو پچیس اگست کو اسلام آباد ہوتے تھے ۔

ترجمان نے کہا کہ ماضی میں بھی پاک بھارت مذاکرات سے قبل کشمیری رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئی تھی تاکہ بات چیت کو نتیجہ خیز بنایا جاسکے ۔ بھارتی فیصلہ ہماری کوششو ں کو بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کئے جائیں ایک دھچکا ہے وزیراعظم پاکستان نے واضح طور پر پرامن اور ترقی کا ویژن بیان کیا تھا اور اس روح میں انہوں نے بھارتی وزیر کی جانب سے تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی اور دونوں وزراء اعظم کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری خارجہ کے مذاکرات شیڈول ہوئے تھے ۔