عمران خان اور طاہر القادری سے مذاکرات کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی دو کمیٹیاں قائم ،حکومتی وزراء پر مشتمل تیسری کمیٹی عمران خان اورطاہر القادری سے الگ الگ ملاقات کرکے انہیں مذاکرات کی دعوت دے گی

منگل 19 اگست 2014 09:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اگست۔2014ء)عمران خان اور طاہر القادری سے مذاکرات کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی دو کمیٹیاں قائم کردی گئیں جبکہ حکومتی وزراء پر مشتمل تیسری کمیٹی عمران خان اورطاہر القادری سے الگ الگ ملاقات کرکے انہیں مذاکرات کی دعوت دے گی اوران کے مطالبات پر غور کیا جائے گا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ثالثی کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں جو تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک سے فوری طورپر مذاکرات شروع کرنے کیلئے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی طاہر القادری سے مذاکرات کیلئے بنائی جانے والی کمیٹی میں قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ،مسلم لیگ(ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق،ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی حیدر عباس رضو ی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدر حاصل بزنجو شامل ہیں جبکہ تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے بنائی جانے والی کمیٹی میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی خورشید شاہ،اے این پی کے غلام احمد بلور،غازی گلاب جمال اور جماعت اسلامی کا ایک ممبر شامل ہوگا جس کا ابھی جماعت اسلامی نے اعلان نہیں کیا۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی ثالثی کمیٹیاں جلد ہی دونوں جماعتوں سے باقاعدہ مذاکرات کا آغاز کردیں گی جبکہ حکومتی وزراء پر مشتمل تیسری کمیٹی پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف سے الگ الگ رابطے کرے گی۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک سے مذاکرات کیلئے پانچ رکنی کابینہ کمیٹی مقرر کردی جو مذاکرات کے بعد وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی ۔

مذکورہ کمیٹی میں احسن اقبال ،سعد رفیق ، عبدالقادر بلوچ ، اکرم درانی اور عرفان صدیقی شامل ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کمیٹی آج منگل سے اپنے کام کا آغاز کردے گی ۔ کمیٹی ابتدا میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان صدر جاوید ہاشمی ، سینئر نائب صدر شاہ محمود قریشی سے مذاکرات کرے گی اورانہیں حکومت کی جانب سے ہر طرح کی یقین دہانی کرائی جائے گی اس کے بعد شام کے قریب ہی کمیٹی عوامی تحریک اور اس کے اتحادیوں سے مذاکرات کا آغاز کرے گی اور اس حوالے سے چوہدری شجاعت ، پرویز الٰہی سے الگ الگ جبکہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ان کی دیگر رہنماؤں سمیت ملاقات کریں گے اور ان سے استدعا کی جائے گی کہ وہ اسلام آباد میں اپنا دھرنا ختم کردیں ۔