عمران خان نے حکومت کیخلاف سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان ، بجلی گیس کے بل اور ٹیکس نہیں دونگا،عوام بھی نہ دیں ، نواز شریف کو صرف دو دن کا ٹائم دیتا ہوں،اس کے بعد میں کارکنوں کو نہیں روک پاؤں گا، میں جمہوریت چاہتاہوں،یہ نہیں چاہتا کہ انتشار ہو اور فوج آجائے گی،چوہدری نثار وزیراعظم کو بتا دیں اور دو دن بعد کارکنوں کو ریڈزون میں داخل ہونے سے نہیں روک سکوں گا، نوازشریف کی حکومت اسمبلیاں اورپارلیمنٹ ناجائزہیں ،عوام نوازشریف کووزیراعظم نہیں مانتی،آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب

پیر 18 اگست 2014 08:10

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اگست۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کیخلاف سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال میں پاکستانی قوم کے پاس صرف ایک ہی راستہ رہ گیا ہے، نواز شریف خدا کے واسطے استعفیٰ دیدیں، میں انھیں صرف دو دن کا ٹائم دیتا ہوں،اس کے بعد میں کارکنوں کو نہیں روک پاؤں گا، میں جمہوریت چاہتاہوں،یہ نہیں چاہتا کہ انتشار ہو اور فوج آجائے گی،چوہدری نثار وزیراعظم کو بتا دیں اور دو دن بعد کارکنوں کو ریڈزون میں داخل ہونے سے نہیں روک سکوں گا،دودن بعدکنٹینرزہماراراستہ نہیں روک سکیں گے اورجب تک نوازشریف استعفیٰ نہیں دیتے کسی صورت یہاں سے نہیں جاوٴں گا،نوازشریف کی حکومت اسمبلیاں اورپارلیمنٹ ناجائزہیں ،عوام نوازشریف کووزیراعظم نہیں مانتی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پاکستان تحریک انصاف کے قائد نے کہا کہ میں اپنی قوم کو ایک اور امتحان میں ڈالنے جا رہا ہوں۔ پورا یقین ہے کہ پاکستانی عوام اس امتحان پر پورا اتریں گے۔ ہم آج سے حکومت کیخلاف سول نافرمانی کی تحریک شروع کرتے ہیں ،اور حکومت کو بجلی، سوئی گیس کے بلز اور ٹیکس نہ دینے کا اعلان کرتے ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ حکومت کو کوئی یوٹیلیٹی بل ادا نہ کریں کیونکہ اگر پاکستانی عوام ان حکمرانوں کو بل اور ٹیکس ادا کرتی رہے گی تو یہ صرف اپنا بزنس اور پیسہ بنائیں گے۔ ان حکمرانوں کے ہوتے ہوئے پاکستان ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔ موجودہ حکمرانوں کے دور میں ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے استعفے تک سول نافرمانی تحریک جاری رہے گی۔

کارکن فیصلہ کر لیں کہ ظلم کا نظام نہیں چلے دیں گے۔ عمران خان کا دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ میں یہ سب کچھ اپنے لئے نہیں بلکہ اپنے ملک کی عوام کیلئے کر رہا ہوں۔ اگر آپ نے میری باتوں پر عمل کیا تو کوئی نیا پاکستان بننے سے نہیں روک سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں ہمارے پاس دو راستے ہیں جن میں ایک تو یہ ہے کہ سونامی یہاں سے نکلے اور پارلیمں ٹ اور پرائم منسٹر ہاؤس پہنچ جائے اور وزیراعظم کو گریبان سے پکڑ کر باہر نکال کر ان کا احتساب کرے کیونکہ پارلیمنٹ بھی جعلی اور وزیراعظم بھی جعلی ہے جبکہ دوسرا راستہ یہ ہے کہ حکومت کیخلاف سول نافرنامی تحریک شروع کر دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک وزیر اعظم نواز شریف استعفیٰ نہیں دیتے کوئی بھی پاکستانی اپنے یوٹیلیٹی بلز جبکہ تاجر برادری بھی سیلز ٹیکس ادا نہ کرے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کا ہر قانون توڑا لیکن آج تک اس کو کوئی نہیں پکڑ سکتا۔ نواز شریف وزیراعظم رہیں گے تو ملک اندھیرے میں رہے گا۔ اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ نواز شریف نے منی لانڈرنگ کی لیکن نہیں پکڑا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پچھلے الیکشن میں نواز شریف نے الیکشن کمیشن، نجم سیٹھی, میر شکیل الرحمان اور ججوں کو خریدا جبکہ جرنیلوں کو خریدنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف وزیراعظم رہتے ہیں تو ملک مزید مقروض کرے گا،نوازشریف نے پاکستان کا ہر قانون توڑا ہے لیکن قانون ان کو پکڑ نہیں سکا،نوازشریف نے چھانگا مانگا کی سیاست،پچھلے انتخابات میں الیکشن کمیشن کو خریدا لوگوں کے ضمیر کو خریدا گیا،اسحاق ڈار نے خود کہا کہ نوازشریف نے منی لانڈرنگ کی اور پکڑا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو بتانا چاہتا ہوں کہ اب عوام کو آپ کو برداشت نہیں کرسکے،ملک کو بادشاہت سے آزاد کرانے کے بعد بلوچستان اور سندھ جائیں گے۔

انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ریڈزون میں نہیں جائیں گے ،پرامن رہیں میں آپ کے ساتھ کنٹینر پر رہوں گا۔چوہدری نثار فیصلہ کرلیں آزادی لینا ہے ،دھرنے کے لوگ یہاں نیا پاکستان بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو2دن کی ڈیڈ لائن دیتا ہوں اس کے بعد کارکنوں کو ریڈزون میں داخل ہونے سے نہیں روک سکتا۔

2دن بعد میاں نوازشریف کا وقت ختم ہوجائے گا۔بعدازاں رات گئے ایک مرتبہ پھراپنے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے نوازشریف سے دوبارہ مستعفی ہونے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے 14مارچ تک ہرقانونی راستہ ڈھونڈنے کی کوشش کی مگرنوازشریف نے سارے راستے بندکردیئے ،ان کاکہناتھاکہ نوازشریف جائزوزیراعظم نہیں ،یہ حکومت اورپارلیمنٹ بھی جائزنہیں ہیں ،کل کے بعددھرنانہیں شکل اختیارکریگا،اورانصاف چھینناپڑیگا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ وہ اسلام آبادپولیس سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کاراستہ نہ روکیں،کیونکہ ان کی جدوجہد آپ کیلئے بھی ہے اوراڑتالیس گھنٹے بعدیہ کنٹینرزبھی ہماراراستہ نہیں روک سکیں گی ۔ان کاکہناتھاکہ وہ ملک کیلئے اپنی جان دینے کیلئے تیارہیں اوراس وقت اپنادھرناختم نہیں کریں گے جب تک وزیراعظم استعفیٰ نہیں دیتے۔