تحریک انصاف اورعوامی تحریک سے مذاکرات کیلئے دوالگ الگ کمیٹیاں بنائیں گے ،چوہدری نثار،مذاکراتی کمیٹیوں میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہوگی ،دونوں جماعت سے آج سے مذاکراتی عمل شروع کردیاجائیگا،عمران خان اورطاہرالقادری کی ہرآئینی بات ماننے کوتیارہیں ،تشددپاکستان کیلئے تباہی اوربربادی لائے گا،سفارتخانوں کے علاقے میں یلغارپاکستان کوتنہاکردیگا،اگرکوئی 10لاکھ افرادنہیں لاسکاتواس کاغصہ پاکستان اورعوام پرنہ نکالاجائے ، عمران خان کی تقریرپردکھ ہوا،پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 18 اگست 2014 08:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اگست۔2014ء)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہاہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف اورعوامی تحریک سے مذاکرات کیلئے دوالگ الگ کمیٹیاں بنائیں گے ،مذاکراتی کمیٹیوں میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہوگی ،دونوں جماعت سے آج سے مذاکراتی عمل شروع کردیاجائیگا،عمران خان اورطاہرالقادری کی ہرآئینی بات ماننے کوتیارہیں ،تشددپاکستان کیلئے تباہی اوربربادی لائے گا،سفارتخانوں کے علاقے میں یلغارپاکستان کوتنہاکردیگا۔

اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کہا گیا کہ پاکستان میں دھرنادیاجائیگا اور اس میں پاکستان کے دس لاکھ افرادآئیں گے ،اگرکوئی 10لاکھ افرادنہیں لاسکاتواس کاغصہ پاکستان اورعوام پرنہ نکالاجائے ،حکومت نے جمہوری سوچ کامظاہرہ کیا،اوردونوں جماعتوں کوسیاسی سرگرمیاں کرنے کی اجاز ت دی گئی ،امن وامان قائم کرناحکومت کی ذمہ داری ہے اورہرسیاست سے بالاترہوکرنبھارہے ہیں ،دونوں پارٹیوں کوکھلی چھٹی اورسیکورٹی فراہم کی اورکررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سیکورٹی کے معاملات کنٹرول میں ہیں کوئی ناخوشگوارواقعہ پیش نہیں آیا،پاکستان کی اہم ترین جنگ لڑی جارہی ہے ،ہمارے فوجی جوان جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں لیکن صبح وشام تک دھرنوں سے ہیجان پرباہے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی تقریرپردکھ ہواہے ،سول نافرمانی کی تجویزحکومت کے خلاف کم ریاست کے خلاف زیادہ ہوئی ،پاکستان میں مارشل لاء لگے ،سول نافرمانی کامطالبہ آیااورنہ روایت ڈالی گئی ،پیپلزپارٹی اورن لیگ میں سخت تلخیاں تھیں اس کے باوجودبھی ایساکبھی نہیں ہوا۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان اورطاہرالقادری سے التجاکرتاہوں کہ ہماری حکومت کامستقبل اورجمہوریت کامستقبل اہم ہے ،حکومت کامستقبل اہم نہیں ہے ،عمران خان پاکستان کے عوام کی زندگی آسان کردیں ،ان پررحم کریں ،اگرسڑکوں پرفیصلے ہونے ہیں توپارلیمنٹ کی ضرورت نہیں ہے ،اعلان کردیں کہ الیکشن نہیں ہوں گے اورنہ الیکشن لڑوں گا۔انہوں نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت کے ریڈزون کواپنی سیاست کاگڑھ بنالیاہے ،ریڈزون میں پاکستان کے ادارے ہیں مسلم لیگ ن کے ادارے نہیں ہیں ،سفارتخانوں کی حفاظت عالمی ذمہ داری ہے ۔

ریڈزون میں یلغارکے دعوے حکومت کونہیں پاکستان کونقصان پہنچاسکتے ہیں ،تحریک انصاف اورعوامی تحریک کی قیادت نے درخواست کرتاہوں کہ وہ تشددسے گریزکریں ،سیکورٹی پراب تک ایک ارب روپے کے اخراجات آچکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت عمران خان اورطاہرالقادری کے تمام آئینی مطالبات ماننے کیلئے تیارہیں ۔حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ آج تحریک انصاف اورعوامی تحریک سے مذاکرات کیلئے دوکمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ،کمیٹی حکومت کی نہیں ہوگی ،مشاورت کے بعداعلان کریں گے اورکمیٹی اپناکام شروع کردیگی،سیاسی لڑائی جاری رہنی چاہئے لیکن اس کی حدودہونی چاہئیں ،ہم اپیل کرتے ہیں کہ جمہوریت اورافہام وتفہیم کی طرف آئیں ،تشددمیں تباہی اوربربادی ہے ،عمران خان اورطاہرالقادری کی ہرآئینی بات ماننے کوتیارہیں ۔