سانحہ ماڈل ٹاؤن ، قتل کیس کا مقدمہ درج کرنے کے عدالتی حکم کے بعد رانا ثناء اللہ نے فرار کی تیاریاں مکمل کرلیں ،لاہور سے دبئی اور 18اگست کو لندن روانہ ہوجائینگے ،بیرون ملک جانے کے پروگرام کی قریبی ساتھیوں نے بھی تصدیق کردی،پروگرام پہلے سے طے تھا،چار پانچ دن بعد وہ واپس آجائیں گے،ساتھیوں کا دعویٰ،ملک میں ہوں کہیں نہیں جا رہا،لندن جانے کی خبر بے بنیاد ہیں‘رانا ثناء اللہ

اتوار 17 اگست 2014 09:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16اگست۔2014ء)سیشن عدالت کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں گرفتاری کے حکم کے بعد سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے ملک سے فرار کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں ، انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق انہوں نے امارات ایئر لائن کی پرواز ای کے 625پر لاہور سے دبئی اور اس کے بعد 18اگست کو وہاں سے لندن جانے کیلئے ٹکٹ کنفرم کرالئے ہیں ۔

خبر رساں ادارے کو موصول ہونے والی ٹکٹ کی کاپی کے مطابق اس ٹکٹ کا پی این آر ،جی سیون ٹی وائے سیون ایف ہے ۔ واضح رہے کہ لاہور کی سیشن کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف سمیت رانا ثناء اللہ اور مجموعی طور پر 21افراد کیخلاف سانحہ ماڈل ٹاؤن پر قتل کیس درج کرنے کا حکم دیا ہے جس کے بعد پولیس نے اس مقصد کیلئے ضروری کارروائی شروع کردی ہے ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں خبر رساں ادارے نے متعدد بار رانا ثناء اللہ سے ٹیلی فون پر رابطے کی کوشش کی لیکن ہر مرتبہ جواب موصول نہیں ہورہا کا جواب موصول ہوا ۔ ادارہ تاحال رابطے کیلئے کوشاں ہے ۔

ادھرسابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے قریبی ساتھیوں نے بھی ان کے بیرون ملک جانے کے بارے میں پروگرام کی تصدیق کردی ہے تاہم دعویٰ کیا ہے کہ ان کا یہ پروگرام پہلے سے طے تھا اور وہ چار پانچ دن بعد واپس آجائیں گے۔

ہفتہ کو رانا ثناء اللہ کے دبئی اور اس کے بعد لندن جانے کے بارے میں اطلاعات ملنے پر خبر رساں ادارے نے باربار رانا ثناء اللہ سے رابطہ کی کوشش کی لیکن ان کے فون بند ملے اس پر جب ایک سابق ناظم یونین کونسل صدیقی سمیت ان کے کئی دیگر انتہائی قریبی دوستوں سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ رانا ثناء اللہ بیرون ملک جارہے ہیں ،تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام پہلے سے طے شدہ تھا وہ چار پانچ دن بعد واپس آجائیں گے،

ایڈیشنل سیشن جج کی طرف سے ان کیخلاف قتل کیس کے اندراج کے حکم کا اس پروگرام سے کوئی تعلق نہیں۔

ایک قریبی دوست نے بتایا کہ مستعفی ہونے کے باوجود رانا ثناء اللہ حکومتی امور میں بدستور شریک ہیں اور اب بھی وہ لاہور میں مختلف اجلاسوں میں شرکت کیلئے گئے ہوئے ہیں اس لئے شاید ان کا فون نہیں مل رہا۔دوسری جانب سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ میں ملک میں ہوں کہیں نہیں جا رہا۔ اس حوالے سے کسی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی پھیلائی ہوئی افواہیں اور پراپیگنڈہ قطعی طور پر بے بنیاد ہے۔ حالات کا بھرپور سامنے کرنے کو تیار ہوں۔لندن جانے کی خبریں قطعاً بے بنیاد ہیں۔

متعلقہ عنوان :