کوئٹہ ، سمنگلی اور خالد ایئر بیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 10 حملہ آور ہلاک ،14 اہلکار زخمی، دہشت گرد ایئربیس میں داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوسکے، بیس پر موجود کسی بھی طیارے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، آپریشن کے دوران2مشتبہ افرادکو بھی گرفتارکیا گیا،صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی،یکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کر کے بڑا سانحہ ہونے سے بچا لیا،کسی تنصیب کو نقصان نہیں پہنچا، آپریشن میں تمام دہشت گرد مارے گئے،آئی جی بلوچستان محمد عملیش کی میڈیا سے گفتگو،فورسز نے تمام دہشتگردوں کوہلاک کردیا،قومی تنصیبات محفوظ ہیں،آئی ایس پی آر

ہفتہ 16 اگست 2014 09:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16اگست۔2014ء) سیکیورٹی فورسز نے سمنگلی اور خالد ایئر بیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 10 تخریب کاروں کو ہلاک کر دیا جب کہ جوابی کارروائی میں 14 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دہشت گرد ایئربیس میں داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے، ان حملوں کے نتیجے میں بیس پر موجود کسی بھی طیارے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا آپریشن کے دوران2مشتبہ افرادکو بھی گرفتارکیا گیا۔

وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب دہشت گردوں نے کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر واقعہ سمنگلی ایئر بیس اور کینٹ میں واقع خالد ایئر بیس پر حملہ کیا جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، رات بھر سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ جاری رہا اور دہشت گردوں کی جانب سے راکٹوں سے بھی حملہ کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے سمنگلی ایئر بیس پر سرچ آپریشن مکمل کر لیا ہے جس میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے، 3 دہشت گردوں نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا یا جب کہ 2 دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سمنگلی میں گزشتہ 2 ماہ سے سیکیورٹی فورسز کی سرچ آپریشن جاری تھا اور تجاوزات کو بھی گرایا گیا تھا جس کی وجہ سے سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔

وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ خالد ایئر بیس پر پر بھی جوابی کارروائی میں 5 حملہ آور مارے گئے جب کہ مقابلے میں سیکیورٹی فورسز کے 6 اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔ خالد ایئر بیس پر سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔ دوسری جانب سمنگلی اور خالد ایئر بیس پر حملوں کے بعد کوئٹہ ایئر پورٹ کو بھی پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ جب تک دونوں ایئر بیس کلیئر نہیں ہو جاتی اس وقت تک فلائٹ آپریشن معطل رہے گا۔

آئی جی بلوچستان محمد عملیش کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کر کے بڑا سانحہ ہونے سے بچا لیا، آپریشن میں تمام دہشت گرد مارے گئے، 3 حملہ آوروں نے خود کش جیکٹس پہن رکھی تھیں، مقابلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے جب کہ 7 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ آئی جی بلوچستان عملیش خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات پاک فضائیہ کے سمنگلی ایئر بیس اور پاکستان آرمی کے ایوی ایشن بیس خالد پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن مکمل کرکے دونوں بیسز کو کلیئر کردیا ہے، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ایک بڑے سانحے سے بچا لیا، کارروائی میں 10دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

کوئٹہ میں سرچ اینڈ کلیئرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں آئی جی بلوچستان عملیش خان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں آپریشن کے دوران کسی دہشت گرد کو فرار ہونے کا موقع نہیں دیا، سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرکے بڑے سانحے اور دہشت گردی سے بچا لیا۔

آئی جی بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے، تین نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جب کہ دو سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں مارے گئے۔

آئی جی بلوچستان نے بتایا کہ تین دہشت گردوں نے خود کش جیکٹس پہن رکھی تھیں، مقابلے میں سات اہل کار زخمی ہوئے،تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔دوسری جانب ڈی جی آئی ایس میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ سمنگلی اور خالد ایئر بیس مکمل آپریشنل اور کھلے ہوئے ہیں، انہوں مزید کہا کہ کسی حملہ آور کو بھاگنے کا موقع نہیں دیا، حملے میں کوئی قومی تنصیب متاثر نہیں ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے دائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ خالد ایئر بیس پر سیکیورٹی فورسز نے 5دہشت گردوں کو ہلاک کیا، ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد خودکش حملہ آور تھے، حملوں میں کسی قومی اثاثے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے بیک وقت دونوں ایئر بیسز میں گھسنے کی کوشش کی، دونوں ایئر بیس ایک دوسرے سے دور الگ الگ علاقوں میں ہیں، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے دونوں حملے ناکام بنائے، مرنے والے دہشت گردوں کی لاشیں فورسز کے قبصے میں ہیں آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'دہشت گردوں' کے حملے میں ائیر بیس کا کوئی اہل کار بھی زخمی نہیں ہوا، خالد اور سمنگلی ائیر بیس کی سیکیورٹی انتہائی سخت ہے۔