دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دینگے،انہیں کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ،جنرل راحیل شریف ، دہشتگرد آپریشن ضرب عضب کے بعد بھاگ رہے ہیں وہ مایوس ہیں،عوام کی مدد اور حمایت سے دہشتگردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ،سکیورٹی فورسز چوکس رہیں اور دہشتگردوں کی کارروائیوں کا فوری جواب دیں،چیف آف آرمی سٹاف کا کوئٹہ میں پی اے ایف سمنگلی اور خالد آرمی ایوی ایشن پر دہشتگردوں کے حملے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

ہفتہ 16 اگست 2014 09:21

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16اگست۔2014ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ میں پی اے ایف سمنگلی اور خالد آرمی ایوی ایشن پر دہشتگردوں کے حملے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد آپریشن ضرب عضب کے بعد بھاگ رہے ہیں وہ مایوس ہیں پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دینگے ان کو ملک میں کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔

آئی ایس پی آر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردوں کے حملے ناکام بنا دیئے جائینگے عوام کی مدد اور حمایت سے دہشتگردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے سکیورٹی فورسز چوکس رہیں اور دہشتگردوں کی کارروائیوں کا فوری جواب دیں ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے ترجمان نے پی اے ایف بیس سمنگلی کوئٹہ اور خالد آرمی ایوی ایشن پر گزشتہ رات حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی طرف سے دونوں بیسز پر داخل ہونے کی کوشش کو پاک فوج ، پی اے ایف ، ایف سی اور پولیس کی سکیورٹی فورسز نے کامیابی سے ناکام بنا دیا جس میں گیارہ دہشتگرد ہلاک اور تین کو گرفتار کرلیا گیا ہے پانچ دہشتگردوں کو سمنگلی بیس کے باہر ہلاک کیا گیا ہے اور تین کو گرفتار کیا گیا جبکہ پی اے ایف میں چھ دہشتگردوں کو خالد آرمی ایوی ایشن بیس کے باہر ہلاک کیا گیا پی اے ایف اور آرمی ایوی ایشن کی تمام تنصیبات محفوظ ہیں ۔