پاکستان میں جمہوری حکومت کی مکمل حمایت کرتے ہیں، امریکا ،سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے اپوزیشن کے احتجاج پر براہ راست تبصرے سے انکار کردیا

جمعہ 15 اگست 2014 09:14

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اگست۔2014ء)امریکا نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں جمہوری حکومت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ تاہم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اپوزیشن کے احتجاج پر براہ راست تبصرے سے انکار کردیا ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے یہ بات تحریک انصاف کے آزادی مارچ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہی۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے احتجاج پر امریکی حکومت کا کوئی موقف نہیں ہے۔ امریکا پاکستان میں جمہوری طور پر منتخب سویلین حکومت کی بھرپور حمایت کرتا ہے لیکن لوگوں کے اجتماع کے حق کا بھی احترام کرتا ہے۔ نیویارک میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان نے اپوزیشن کے احتجاج پر کسی براہ راست تبصرے سے گریز کیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل بان کی مون لوگوں کے پرامن احتجاج کے حق اور آزادی اظہار کے ساتھ کھڑے ہیں۔