لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق تحریک انصاف اور عوامی تحریک کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دیدی ہے،چوہدری نثار ،اسلام آباد کی سیکورٹی بالعموم اور ریڈ زون کی سیکورٹی کو فول پروف بنایا گیا ہے،عمران خان کے اعلان کے مطابق 10لاکھ افراد کی سیکورٹی کا بندوبست مکمل کرلیا ہے، کسی نے ریڈلائن کو عبور کیا تو قانون اس کے خلاف بڑی تیزی سے حرکت میں آئے گا ،موجودہ سیاسی صورتحال میں تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں نے آئین وقانون کیساتھ کھڑے ہوکر جمہوریت دوستی کا ثبوت دیا ہے،فوج کو موجودہ صورتحال میں گھسیٹنا زیادتی ہوگی،انہیں پوری قوم کی مدد کی ضرورت ہے،حکومت نے انتخابی اصلاحات کیلئے کافی حد تک ہوم ورک مکمل کرلیا ہے،تاہم اس میں تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے مزید بہتری لائی جائے گی،تمام تر الزام،گالم گلوچ اور دیگرلعن طعن کو حکومت نے نظرانداز کرتے ہوئے تعمیری کردار ادا کیا ، پاکستان کو بنانا سٹیٹ کی طرح تماشا نہیں بننے دیں گے، ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 15 اگست 2014 09:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اگست۔2014ء)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق وفاقی حکومت نے رکاوٹیں ختم کرکے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دے دی،اسلام آباد کی سیکورٹی بالعموم اور ریڈ زون کی سیکورٹی پر بالخصوص توجہ دے کر اسے فول پروف بنایا گیا ہے اور عمران خان کے اعلان کے مطابق 10لاکھ افراد کی سیکورٹی کا بندوبست مکمل کرلیا ہے،اگر کسی نے ریڈلائن کو عبور کیا تو قانون اس کے خلاف بڑی تیزی سے حرکت میں آئے گا اور تمام شرپسند عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،موجودہ سیاسی صورتحال میں ملک کی تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں نے آئین وقانون کے ساتھ کھڑے ہوکر جمہوریت دوستی کا ثبوت دیا ہے،فوج کو موجودہ صورتحال میں گھسیٹنا زیادتی ہوگی،انہیں پوری قوم کی مدد کی ضرورت ہے،حکومت نے انتخابی اصلاحات کیلئے کافی حد تک ہوم ورک مکمل کرلیا ہے،تاہم اس میں تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے مزید بہتری لائی جائے گی،تمام تر الزام،گالم گلوچ اور دیگرلعن طعن کو حکومت نے نظرانداز کرتے ہوئے تعمیری کردار ادا کیا ،مگر ایک بات واضح ہے کہ پاکستان کو بنانا سٹیٹ کی طرح تماشا نہیں بننے دیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شام پنجاب ہاؤس میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق اسلام آباد سے تقریباً تمام رکاوٹیں ختم کردی ہیں اور تحریک انصاف و عوامی تحریک کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دے دی ہے،تحریک انصاف کی طرف سے درخواست اسلام آباد انتظامیہ کو موصول ہوچکی ہے جبکہ عوامی تحریک کی طرف سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک طرف عدالتی فیصلے پر من وعن عمل کیا ہے جبکہ دوسری طرف جو جمہوری اصول تھے ان کا بھی مکمل احترام کیا ہے،حکومت کو کسی بھی سیاسی جمہوری سرگرمی پر نہ کوئی اعتراض ہے اور نہ ہم قدغن لگانا چاہتے ہیں،اگرکوئی جلسہ کرنا چاہتا ہے تو اس کیلئے درخواست دینا ہوگی اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے ساتھ اس بات کی یقین دہانی کروانی ہوگی کہ یہ سیاسی سرگرمی آئین وقانون کے دائرہ کار کے اندر ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کئی گروپس خیبرپختونخوا سے بھی اسلام آباد میں داخل ہوئے،حکومت نے قانونی تقاضے پورے کرکے سب کو داخلے کی اجازت دی ہے،مگر تحریک انصاف کا اصل لانگ مارچ ابھی لاہور میں ہی گھوم رہا ہے،جس کے بارے میں پہلے اطلاع یہ تھی کہ یہ لانگ مارچ رات کو پہنچ جائے گا مگر اب یہ لانگ مارچ آج صبح اسلام آباد پہنچے گا،جس کیلئے تمام سیکورٹی انتظامیہ مکمل کرلئے گئے ہیں اور جلسے کیلئے باقاعدہ جگہ کا تعین کرکے اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ انہوں نے کہا کہ ریڈزون کی سیکورٹی کو ڈبل سے ٹرپل کردیاگیا ہے اور بین الاقوامی اصولوں اور ضابطوں کے مطابق غیر ملکی سفراء و حساس واہم مقامات کے باعث ریڈزون کی سیکورٹی کے حوالے سے باقاعدہ ریڈ لائنز ڈرا کی جاچکی ہیں جن کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے بھی ریڈزون میں داخل ہونے کی کوشش کی یا ان ریڈلائنز کو عبور کیا تو اس کیخلاف قانون بڑی سختی سے حرکت میں آئے گا اور آئینی ہاتھوں سے نمٹے گا اور اس حوالے سے انہوں نے وزیراعظم کے سامنے بھی ذمہ داری لی ہے کہ ریڈزون کی سیکورٹی ان کی بالخصوص ذاتی ذمہ داری ہوگی،جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانون آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دارالحکومت میں قانون کی پاسداری کو ہر صورت میں یقینی بنایاجائے گا اور پاکستان کو عالمی سطح پر تماشا نہیں بننے دیں گے،جو لوگ چاہتے ہیں کہ ان کی مرضی کے مطابق سب کچھ ہو وہ غلط فہمی کا شکار ہیں،آئین وقانون کی پاسداری سب کو کرنا ہوگی اوراس میں کوئی تفریق نہیں برتی جائے گی،دھرنا دینے والوں کو خوش آمدید مگر پاکستان کے آئین وقانون کو پامال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں متحرک اور آزاد میڈیا ،عدلیہ اور سول سوسائٹی موجود ہے،جو دیکھ رہی ہے کہ حکومت نے جس خندہ پیشانی اورجمہوریت دوستی کا ثبوتدیا ہے اس کی خلاف ورزی کی ہرگز کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ہائی کورٹ کے فیصلے کی جس طرح حکومت نے پاسداری کی ہے اسی طرح لانگ مارچ کرنے والوں کو بھی اس فیصلے پر عملدرآمد کرنا ہوگا اور صرف وہ مطالبات رکھنے ہوں گے جو آئینی وقانونی ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نظام کومضبوط بنانے اور اصلاحات کیلئے حکومت نے مشاورت اور ہوم ورک مکمل کرلیا ہے۔انتخابی اصلاحات کے حوالے سے تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ سیاسی معاملات کے ساتھ فوج کا کوئی تعلق نہیں اس لئے فوج کو ہرمعاملے میں گھسیٹنا اس کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہوگا،اس وقت دہشتگردی کیخلاف جنگ میں برسرپیکار ہماری بہادر افواج کو پوری قوم کی مدد کی ضرورت ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں لانگ مارچ کے پیش نظر عمران خان کے اعلان کے مطابق حکومت نے 10لاکھ نفوس کی سیکورٹی کا بندوبست کر رکھا ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں سے موجودہ حالات پر معذرت کا اظہار کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ آج سے میڈیا کے ذریعے دونوں شہروں کے شہریوں کی آمد ورفت کیلئے راستے مخصوص کئے جائیں گے اوران کا اعلان بھی کیا جائے گا۔