وزیراعظم کے گشتی سفیر برائے سرمایہ کاری جاوید ملک کیخلاف منی لانڈرنگ اور زیر زمین طبقے سے تعلقات کے اقدامات پر تحقیقات شروع،تحقیقات سے اہم انکشافات کی توقع

جمعرات 14 اگست 2014 09:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اگست۔2014ء) وزیراعظم کے گشتی سفیر برائے سرمایہ کاری جاوید ملک کیخلاف منی لانڈرنگ اور زیر زمین طبقے سے تعلقات کے اقدامات پر اہم سکیورٹی اداروں نے تحقیقات شروع کردی ہیں ۔ باوثوق ذرائع نے خبر رسا ں ادارے کو بتایا کہ سکیورٹی اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ جاوید ملک اقبال مرچی کے داماد ہیں جس کا زیر زمین دنیا سے تعلق بتایا جاتا ہے اور اس نے دبئی میں بھاری سرمایہ کاری بھی کرائی تھی ۔

ذرائع کے مطابق جاوید ملک ڈیزرٹ روز نامی ایک گیسٹ ہاؤس میں منیجر تھے جہاں سے انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بعض اہم رہنماؤں سے تعلقات بنائے اور پھر ان کے ذریعے سفیر عمومی مقرر ہوئے ۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی حکومت ختم ہونے کے بعد انہوں نے نواز شریف کے بھی انتہائی قریبی حلقوں سے رابطے استوار کرلئے اور سرمایہ کاری کے حوالے سے گشتی سفیر بن گئے جبکہ اداروں کو یہ شکایات ملی ہیں کہ وہ منی لانڈرنگ اور زیر زمین دنیا سے بھی رابطہ رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ان کیخلاف تحقیقات کے دوران دبئی حکومت سے بھی رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ جاوید ملک کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں جو طویل عرصہ سے وہاں مقیم ہیں ۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کیخلاف تحقیقات سے اہم انکشافات کی توقع ہے ۔

متعلقہ عنوان :