پاکستان عوامی تحریک اورتحریک انصاف کے مارچ کی راہ میں کھڑی کی گئی تمام رکاوٹیں فی الفور ختم کی جائیں،الطاف حسین ، لاہور ، اسلام آباداورراولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں کھڑے کئے گئے تمام کنٹینرز ، ٹرالرز اوردیگررکاوٹوں کو فوری ہٹانے کے احکامات جاری کئے جائیں ، پاکستان عوامی تحریک ،تحریک انصاف اوران کی اتحادی جماعتیں مارچ ، جلسہ ، جلوس اورمظاہرہ ضرورکریں لیکن خدارا اپنے مارچ اورجلوسوں کومکمل طورپر پرامن رکھیں اورکسی بھی قیمت پر قانون کواپنے ہاتھ میں نہ لیں اورایک دوسرے کوبرداشت کریں،ایم کیو ایم قائدکا بیان

جمعرات 14 اگست 2014 09:03

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اگست۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے وزیراعظم میاں نوازشریف،وفاقی کابینہ اوروزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ایک بارپھر پرزوراپیل کی ہے کہ پاکستان عوامی تحریک اورتحریک انصاف کے مارچ کی راہ میں کھڑی کی گئی تمام رکاوٹیں فی الفور ختم کی جائیں اور لاہور ، اسلام آباداورراولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کھڑے کئے گئے تمام کنٹینرز ، ٹرالرز اوردیگررکاوٹوں کو فوری طورپر ہٹایاجائے ۔

اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج، مظاہرے،مارچ اورجلسے جلوس کرناہرجماعت کاآئینی،قانونی اورجمہوری حق ہے اورکسی کوبھی اس حق سے محروم نہیں کیاجاسکتالیکن حکومت پنجاب کی جانب سے پاکستان عوامی تحریک اورتحریک انصاف کے مارچ کوروکنے کیلئے لاہور، راولپنڈی اوراسلام آباد کوکنٹینرز ، ٹرالرز اورطرح طرح کی رکاوٹوں سے سیل کردیاگیاہے ،لاہورمیں ماڈل ٹاوٴن کے علاقوں کے عوام گزشتہ چارروز سے محصورہیں ،شاہراہیں بندہونے سے مریضوں کواسپتال لانے لیجانے میں بھی شدید دشواریوں کاسامناہے اورپنجاب بھرکے عام عوام شدید مشکلات اورپریشانیوں کاشکار ہیں۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہاکہ وقت کاتقاضہ ہے کہ سیاسی مخالفت کوبرداشت کیاجائے اورمعاملات کوافہام وتفہیم سے حل کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ میں ایک بارپھرحکومت سے پرذوراپیل کرتاہوں کہ وہ فہم وفراست، دانشمندی کامظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے مارچ کی راہ میں کھڑی کی گئی تمام رکاوٹیں ختم کرے، عوام کوان کے آئینی، قانونی ، سیاسی اورجمہوری حق سے محروم نہ کرے اور لاہور ، اسلام آباداورراولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کھڑے کئے گئے تمام کنٹینرز ، ٹرالرز اوردیگررکاوٹوں کو فوری طورپر ہٹایاجائے ۔

الطاف حسین نے پاکستان عوامی تحریک ،تحریک انصاف اوران کی اتحادی جماعتوں سے بھی دردمندانہ اپیل کی کہ وہ اپنامارچ ، جلسہ ، جلوس اورمظاہرہ ضرورکریں لیکن خدارا اپنے مارچ اورجلوسوں کومکمل طورپر پرامن رکھیں اورکسی بھی قیمت پر قانون کواپنے ہاتھ میں نہ لیں اورایک دوسرے کوبرداشت کریں۔ انہوں نے تمام مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ اس بات کابھرپورخیال رکھیں کہ ان کے مارچ کے دوران انسانی جانوں اوراملاک کوکسی قیمت پر نقصان نہ پہنچے۔