حکومت نے آزادی مارچ کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت دیدی، انتظامیہ کو کنٹینرز ہٹانے کا حکم،وزیراعظم کے زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کے اہم ترین اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ ہوا، پرویز رشید نے وزیراعظم کا پیغام پہنچایا کہ ’ہم نے آپ کی کی تجویز پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا، اب آپ کے کہنے پر میں آزادی مارچ کیلئے راستے کھول رہے ہیں‘،سراج الحق

جمعرات 14 اگست 2014 08:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اگست۔2014ء )حکومت نے تحریک انصاف کے آزادی مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے امیر جماعت اسلامی کو ٹیلی فون پر فیصلے سے آگاہ کردیا، انتظامیہ کو راستوں سے کنٹینرز ہٹانے کا حکم بھی دے دیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا اہم ترین اجلاس ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے انھیں وزیراعظم کا پیغام پہنچایا کہ ''ہم نے آپ کی کی تجویز پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا، اب آپ کے کہنے پر میں آزادی مارچ کیلئے راستے کھول رہے ہیں''۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیراعظم سے رابطے کی تصدیق کردی اور کہا کہ مجھے وزیر اطلاعات نے وزیراعظم کا پیغام دیا ہے کہ وزیراعظم نے میرے مطالبے پر آزادی مارچ کے لئے راستے کھولنے کا حکم دے دیا ہے

انہوں نے کہا کہ میرا خدا کی ذات پر اعتماد ہے سڑکیں اور چوراہے اب میدان جنگ نہیں بنیں گے ۔

وزیراعظم نے پیغام دیا اب مارچ پر امن رہنا چاہیے اختلاف رائے سیاست کا حصہ ہے مختلف رنگوں کے پھول آپس میں مل کر گلدستہ بنتے ہیں اور ہم اس گلدستے کو ایک رکھنے کی کوشش میں ہیں اب مارچ کے شرکاء کی ذمہ داری ہے کہ وہ پر امن رہیں اور کسی قسم کی توڑ پھوڑ سے گریز کریں انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے مسائل کے حل کیلئے بہت تعاون کیا اور ہر پاکستانی چاہتا ہے کہ ملک میں امن و امان رہے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور حکومت کو خطرہ ہے کہ منہاج القرآن کے لوگ جذبہ انتقام میں تشدد پر اتریں ہم علامہ صاحب سے درخواست کررہے ہیں کہ وہ پر امن رہیں تو اس پر سوچا جاسکتا ہے فیصلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے۔

وزیراعظم نے سراج الحق کے مفاہمتی کردار کو بھی سراہا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے تحریک انصاف کے آزادی مارچ کو اسلام آباد میں داخلے کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو حکومتی فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ کے راستے سے کنٹینرز ہٹانے کا حکم دے دیا، اب مارچ کے شرکاء کی ذمہ داری ہے کہ وہ پْرامن رہیں۔وزیراعظم نے سراج الحق کو پیغام دیا کہ آپ کے کہنے پر آزادی مارچ کیلئے راستے کھول رہے ہیں، جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ بھی آپ کی تجویز پر کیا۔