مضبوط لابنگ اور انتخابات کی جگہ تبدیل کرنا کام آگئی ، مولانا فضل الرحمن جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ایک مرتبہ پھر بلامقابلہ چیئرمین منتخب ، عین موقع پر مولانا شیرانی نے کاغذات واپس لے لیے ،مولانا عبدالغفورحیدری سیکرٹری جنرل کے انتخاب میں کامیاب

منگل 12 اگست 2014 05:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اگست۔2014ء) مضبوط لابنگ اور انتخابات کی جگہ تبدیل کرنا کام آگئی ، مولانا فضل الرحمن جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ایک مرتبہ پھر بلامقابلہ چیئرمین منتخب ، عین موقع پر مولانا محمد خان شیرانی نے کاغذات واپس لے لیے ، مولانا عبدالغفور حیدری بھی سیکرٹری جنرل کے عہدہ کے لئے اپنے مخالف امیدوار مفتی کفایت اللہ کو ہرانے میں کامیاب ہوگئے۔

انتخابات ملک سکندر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں ہوئے۔ خبر رساں ادارے کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) نے مولانا فضل الرحمن کو بلامقابلہ امیر جماعت منتخب کرلیا ہے جس سے واضح ہورہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی مضبوط لابنگ اورانتخابات کی جگہ تبدیل کرنے کا مثبت نتیجہ نکلا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی آئندہ تین سال کے لیے مرکزی قیادت کے چناؤ کے انتخابات لاہور میں ہونا قرار پائے تھے مگر عین موقع پر انتخابات سے دو روز قبل جگہ تبدیل کردی گئی اور انتخابات لاہور کی بجائے پشاور میں کرائے گئے ۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پیر کی دوپہر مرکزی عہدوں کے انتخابات کے حوالے سے بلایا گیا اجلاس مقررہ وقت سے تقریباً چار گھنٹے تاخیر سے شروع کیا گیا تو چہ میگوئیاں ہونا شروع ہوگئیں لیکن مرکزی شوریٰ کا اجلاس تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا تو تلاوت کے بعد چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے حق میں واپس لے لئے ۔

جس کے بعد ایک مرتبہ پھر مولانا فضل الرحمن کوبلا مقابلہ مرکزی امیر منتخب کرلیا گیا ۔ قبل ازیں مرکزی مجلس شوریٰ میں مولانا فضل الرحمن کی بطور مرکزی امیر اور مولانا عبدالغفور حیدری کی بطور سیکرٹری جنرل خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ بلامقابلہ منتخب ہونے پر مولانا فضل الرحمن نے مولانا محمد خان شیرانی اور پوری مجلس شوریٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتروں گا اور جماعت کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے اپنا کردار ادا کرں گا ۔

دوسری جانب مرکزی سیکرٹری جنرل کا انتخاب مولانا عبدالغفور حیدری ، وزیر صنعت پوسٹل سروسز اور مولانا کفایت کے درمیان ہوا ہے جس میں مولانا غفور حیدری کامیاب ہوگئے ۔ جب خبر رساں ادارے نے تصدیق کیلئے جمعیت علمائے اسلام سے رابطہ کیا جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد امجد خان نے مولانا فضل الرحمن کی کامیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا کو بلامقابلہ منتخب کیا گیا ہے جبکہ ان کا کہنا تھا کہ مولانا عبدالغفور حیدری بھی سیکرٹری جنرل کے عہدہ پر منتخب ہوگئے۔