پیپلزپارٹی کسی بھی غیر جمہوری اقدام کا حصہ نہیں بنے گی ، خورشید شاہ ،ملک کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے ، تمام پارلیمانی جماعتیں نواز شریف کو بطور وزیر اعظم تسلیم کر چکیں، 14 اگست کے بعد کس طرح ایک منتخب وزیر اعظم کو نہ مانیں۔عمران خان اور قادری ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں۔اگر کچھ ہوا تو دو نو ں اس کے ذمہ دار ہوں گے، صحافیوں سے گفتگو

منگل 12 اگست 2014 05:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اگست۔2014ء)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کسی بھی غیر جمہوری اقدام کا حصہ نہیں بنے گی ، ملک کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے جبکہ تمام پارلیمانی جماعتیں نواز شریف کو بطور وزیر اعظم تسلیم کر چکی ہیں تو 14 اگست کے بعد کس طرح ایک منتخب وزیر اعظم کو نہ مانیں۔عمران خان اور قادری ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں۔

اگر کچھ ہوا تو عمران خان اور قادری اس کے ذمہ دار ہوں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف کو حقائق سے آگاہ کرنے کی کوشش کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے ،بانی قائد ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو سمیت سینکڑوں کارکنوں کی قربانی دی ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کسی بھی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کرے گی ۔

ہمارا دو ٹوک موقف ہے کہ جمہوریت پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو سکتا ۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد تمام پارلیمانی جماعتوں نے نواز شریف کو وزیر اعظم تسلیم کیا اور 14 اگست کے مارچ اور جلسے کے بعد کس طرح منتخب وزیر اعظم کو تسلیم نہ کریں ۔عمران خان اور طاہر القادری ملک کو تباہی کی طرف جارہے ہیں ۔اگر ملک کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران خان اور قادری ہوں گے ۔عمران کو حقائق سے آگاہ کرنے کی کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں خاموش رہنا ٹھیک نہیں ہے ۔بے حسی تباہی کی طرف لے جائے گی ۔ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ عمران اور قادری ایک ہی ہیں ۔احتجاج بارے سوال پر کہا کہ 77ء میں جن جماعتوں نے احتجاج کیا تھا وہ پارلیمنٹ کا حصہ تھیں۔