دہشتگردوں کو واپسی اور کسی جگہ اکھٹے ہونے کی اجازت دینگے ر نہ ہی انہیں ملک میں کسی جگہ ٹھہرنے کی اجازت دی جائے گی،کور کمانڈرز کانفرنس ، آرمی چیف کاآپریشن ضرب عضب میں اب تک کی پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار،متعلقہ حلقے انتہا پسندی اور دہشتگردی کیخلاف طویل المدتی اقدامات کے ذریعے کامیابیوں کو مستحکم بنانے میں تعاون کرینگے، آئی ڈی پیز کی مدد اور ان کی جلد از جلد گھروں کو واپسی کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے ۔جنرل راحیل شریف

منگل 12 اگست 2014 05:39

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اگست۔2014ء) کور کمانڈرز کانفرنس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشتگردوں کو واپسی اور کسی جگہ اکھٹے ہونے کی اجازت نہیں دینگے اور نہ ہی انہیں ملک میں کسی جگہ ٹھہرنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب میں اب تک کی پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ حلقے انتہا پسندی اور دہشتگردی کیخلاف طویل المدتی اقدامات کے ذریعے کامیابیوں کو مستحکم بنانے میں تعاون کرینگے اور ہدایت دی ہے کہ آئی ڈی پیز کی مدد اور ان کی جلد از جلد گھروں کو واپسی کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے ۔

کور کمانڈرز کانفرنس پیر کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں ہوئی ۔

کانفرنس کے شرکاء کو آپریشن ضرب عضب اور مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردوں کو کسی جگہ بھی دوبارہ جمع ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی انہیں ان علاقوں میں واپس آنا دیا جائے گا ان کیلئے ملک میں کوئی جگہ نہیں ۔

چیف آف آرمی سٹاف نے آپریشن ضرب عضب میں اب تک ہونے والی پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے جاری آپریشن کے دوران جوانوں کے حوصلے اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا انہوں نے اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ متعلقہ حلقے دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف طویل المدتی اقدامات کے ذریعے ساتھ دینگے ۔

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہادر قبائلی لوگوں کی قربانیوں اور ان کے تعاون کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بے گھر ہونیوالے افراد کی مدد اور ان کی اپنے گھروں کو جلد از جلد واپسی کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے ۔ آرمی چیف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور پرعزم قوم کی بھرپور حمایت سے آپریشن ضرب عضب کامیاب ہوگا ۔