میاں نواز شریف عوام کا صبرمزید نہ آزمائے اور ظلم کرنا بند کر دے ،پرویز خٹک،پی ٹی آئی کے آزادی مارچ میں بھر پور شریک ہوں اور رعایا پر ظلم و زیادتی کے پہاڑ توڑنے والے بادشاہ کا تختہ الٹنے کیلئے تیار ہوں،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

پیر 11 اگست 2014 04:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اگست۔2014ء)خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف عوام کا صبرمزید نہ آزمائے اور ظلم کرنا بند کر دے انہوں نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے آزادی مارچ میں بھر پور شریک ہوں اور رعایا پر ظلم و زیادتی کے پہاڑ توڑنے والے بادشاہ کا تختہ الٹنے کیلئے تیار ہوں انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی اداروں کو عوام کی پکڑ دھکڑ کیلئے استعمال کرنا اور انہیں سیاست میں گھسیٹنا شریف برادران کی سنگین غلطی ہے اسے چاہیئے کہ اپنی غلطی قبول کر کے قوم سے معافی مانگے اور راستوں سے کنٹینر ہٹا کر اور پٹرول پمپس کھول کر عوام کو مزید تکالیف سے بچائے ورنہ پنجاب کے عوام رائے ونڈ اور جاتی امراء کے محلات کا محاصرہ کرنے پر مجبور ہو جائیں گے پرویز خٹک نے کہا کہ نوشہرہ، پشاور اور چارسدہ کے عوام کا بڑا مسئلہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نجات کا ہے جس کیلئے ہماری حکومت نے جامع پلان بنایا ہے اور امسال چار ارب روپے کی لاگت سے دریاؤں کے دونوں اطراف میں ایسے مضبوط اور کشادہ حفاظتی بند تعمیر کئے جائیں گے جو کبھی نہیں ٹوٹیں گے اور نہ ہی سیلاب کا پانی واپس قریبی دیہات میں نقصانات کا باعث بنے گا انہوں نے کہا کہ ہمارے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری اور غربت ہے جس سے نمٹنے کیلئے ہم نے صنعتی و معاشی ترقی کا جامع منصوبہ بنایا ہے جس کی بدولت پنجاب کے چلتے کارخانے بھی یہاں منتقل ہو جائیں گے اور تمام بڑے شہروں کے قریب صنعتی بستیوں میں لاکھوں تعلیم یافتہ اور غیر تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار ملے گا جبکہ صوبے کی صنعتی پیداواربھی ترقیافتہ ممالک کے معیار پر آجائے گی وہ نوشہرہ کے دور افتادہ دیہات بانڈہ ملحان اور گڑھی مومن میں پر بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے جن سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک، سابق رکن صوبائی اسمبلی لیاقت خٹک، اسحاق خٹک، ارباب نو ر حسین، ملک ارشد امین، ڈاکٹر ہدایت اور دیگر مقامی سیاسی و سماجی زعماء نے بھی خطاب کیا

اس موقع پر مقررین نے پرویز خٹک حکومت کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے قیام امن اور کرپشن کے انسداد کیلئے بنیادی کام کیاہے اورسرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر ہونے کی وجہ سے تھانوں اور پٹوار خانوں میں شہریوں کی عزت ہونے لگی ہے جس پر ہمیں فخر ہے پرویز خٹک نے نوشہرہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ ان کے بھر پور اعتماد کی بدولت وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے کبھی ناجائز توقعات نہیں رکھیں بلکہ انہیں حق کیلئے جدوجہد پر آمادہ کیاانہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت نے تبدیلی کے نعرے پر انتخابات جیتے اور اب ہم ہر قیمت پر انہیں تبدیلی لا کر دکھائیں گے ماضی کے حکمرانوں نے افسروں اور ملازمین کی عادتیں بگاڑ دی تھیں مگر ہم نے کرپشن کے خلاف جہاد کا آغاز کیا اور آج سینکڑوں پٹواری اور دیگر ملازمین صرف اس وجہ سے معطل ہوئے یا جیل میں ہیں کہ وہ بدعنوانی نے بعض نہیں آئے اور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے انہوں نے کہا کہ احتساب کمیشن قائم ہونے والا ہے جو بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالے گااس موقع پر وزیراعلیٰ نے لوگوں سے بھی ہاتھ اٹھا کر حلف لیا کہ وہ اپنے جائز کاموں کیلئے کسی کو رشوت نہ دیں جبکہ ناجائز کام کرانے سے قطعی گریز کریں تا کہ بھی دوسری قوموں کی طرح ترقی کر سکیں انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال میں پورے صوبے میں ترقیاتی کام تیزی سے شروع ہونگے جن کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے گی البتہ عوام بھی ان سکیموں پر نظر رکھیں اور کسی بھی خرابی کی صورت میں ہمیں خفیہ طور پر اطلاع دیں تا کہ ہر خرابی کا بروقت ازالہ کیا جا سکے پرویز خٹک نے کہا کہ حد بندی اور قانونی مسائل حل ہوتے ہی صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے جو پورے صوبے میں مثالی بلدیاتی نظام کو جنم دیں گے کیونکہ ہم نے صوبے کے 30فیصد ترقیاتی فنڈز بھی مقامی حکومتوں کو منتقل کر دیئے ہیں جن کی بدولت شاندار ترقی ہوتی نظر آئے گی انہوں نے کہا کہ سکولوں، ہسپتالوں اور دوسرے سرکاری اداروں کی کارکردگی اور معیار بہتر بنایا جا رہا ہے تا کہ غریب عوام کواس کا براہ راست فائدہ ملے انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بننے والی سڑکوں کا معیار بہترین ہوگا اور یہ دس سال تک خراب نہیں ہونگی

پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے صوبائی سطح پر انرجی پالیسی شروع کر دی گئی ہے جس کے تحت گھریلو اور صنعتی ضروریات کیلئے چھوٹے بجلی گھر بنائے جا رہے ہیں صوبے کی فالتو گیس سے تھرمل بجلی گھرقائم کئے جائیں گے جن سے نئی صنعتی بستیوں کو سستی بجلی مہیا کی جائے گی اور اس کی بدولت نئے کارخانے قائم ہوں گے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گاانہوں نے کہا کہ ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہم غریب عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں اور اپنا یہ مشن پوری ایمانداری سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آزادی مارچ کے بعد آئندہ وہ ہفتہ میں ایک دن نوشہرہ کے عوام کے ساتھ گزاریں گے اور ان کی خدمت کریں گے جبکہ انکا بھائی ، بیٹا اور داماد پہلے سے ہی عوام کی خدمت کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں۔