قادری ،عمران گٹھ جوڑ پاکستان کوخانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے،رانا مشہود ،کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ ان لوگوں کے ڈانڈے کہاں ملتے ہیں،طاہرالقادری جیسا اداکار پاکستان کو”قتل گاہ“ بنانے کے بیرونی ایجنڈے پرعمل پیرا ہیں، صوبائی وزیر قانون

پیر 11 اگست 2014 04:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اگست۔2014ء) وزیرقانون پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ فساد فی الارض کے مرتکب طاہرالقادری اور یہودیوں کے ایجنٹ عمران خان کا گٹھ جوڑ (Unholy Alliance)قوم کے سامنے آگیا ہے -یہ اتحاد بیرونی ایجنڈے کے تحت پاکستان میں انقلاب کے نام پر آگ اور خون کی ہولی کھیلنے کے لئے کیا گیا ہے -بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے- اب کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ ان لوگوں کے ڈانڈے کہاں ملتے ہیں-انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری اپنے معصوم مریدوں کو گمراہ کرکے پاکستان کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل کر اس ملک کو” قتل گاہ“ بنانا چاہتے ہیں-پولیس اہلکاروں پر تشدد اوران کے جسموں کو چھریوں سے چیرنے پھاڑنے کا جو نمونہ طاہرالقادری کے کارکنوں نے پیش کیا ہے ، پاکستان کے عوام اسے بری طرح رد کرتے ہیں،90 -شاہراہ قائد اعظم لاہور میں صوبائی وزراء میاں مجتبی شجاع الرحمن اور بلال یاسین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں رانا مشہود احمد خاں نے یوم شہداء کی تقریب سے طاہرالقادری کے خطاب کو اداکاری کا ایک نمونہ قرار دیا اورکہا کہ جب یہ شخص جھنگ سے لاہور آیا تھا تو اداکاربننے کے شوق میں لاہور کے فلم سٹوڈیوزکے چکر لگایا کرتا تھا -آج پوری قوم نے اس جھوٹے شخص کی مکارانہ اداکاری کا مظاہرہ دیکھ لیا ہے - عالمی قوتوں نے شام، مصر، عراق اور یمن میں جو کھیل کھیلا ہے ،یہ شخص وہی کھیل پاکستان میں کھیلنے کی سازش کررہا ہے-طاہرالقادری معصوم لوگوں کو گمراہ کرکے پاکستان کو تباہی کے دھانے پر لے جانے کے بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے - پاکستان کے باشعورعوام اپنے ذہن اور دماغ کھلے رکھیں - وہ لوگ جن پر عام انتخابات میں پاکستان کے عوام نے اعتبار نہیں کیا اور انہیں بری طرح رد کردیا ، اب وہ ڈنڈے کے زور پر اقتدار میں آنے کا خواب دیکھ رہے ہیں اور ہماری آزادی کے دن کو خدانخواستہ غلامی کا دن بنانا چاہتے ہیں،

رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ یہ شخص صرف اپنی ذاتی حفاظت کے لئے لوگوں کو گمراہ کررہا ہے - عوام کو جان نچھاور کرنے کی ترغیب دینے والا یہ شخص گرمی کے موسم میں بھی کوٹ پہن کرسٹیج پر آیا کیونکہ کوٹ کے نیچے اس نے بلٹ پروف جیکٹ پہن رکھی تھی - یہ شخص موت سے اس قدر خوفزدہ ہے کہ بلٹ پروف گاڑی کے بغیر گھر سے قدم بھی باہر نہیں نکالتا- انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری نے آج پھر پولیس اہلکاروں کے ہاتھ توڑنے کی بات کی ہے - فرانس، برطانیہ اور روس میں یہ جس انقلاب کی مثالیں پیش کررہا ہے ، وہ انقلاب لاکھوں لوگوں کی ہلاکت کے بعد برپا ہوئے تھے - طاہرالقادری نے پاکستان میں 3دن بعد انقلاب کی جو کال دی ہے ، اصل میں وہ پاکستان کا امن تباہ کرنے کی کال ہے -وہ شیخ رشید جو 5ماہ پہلے تک رائے ونڈ کی دہلیز پر مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے لئے ناک رگڑتا رہا ہے آج وہ انقلابی کیسے ہوگیا؟ پرویز الہی اور شیخ رشید اس وقت کہاں تھے جب ایک ڈکٹیٹر کی گود میں بیٹھ کر یہ لوگ لال مسجد اسلام آباد میں قتل عام ہورہا تھا-طاہرالقادری اس وقت کہاں تھے جب امریکہ کو پاکستان میں ہوائی اڈے دیئے گئے اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو رول بیک کرنے کی سازش کی گئی تھی -انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے خفیہ ایجنسیوں کی اطلاعات پر پکڑا گیا اسلحہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت نے فسادی عناصر کو لاہور میں اکٹھے ہونے سے روکنے کی جو حکمت عملی اپنائی ، وہ ہرلحاظ سے درست تھی ورنہ طاہرالقادری لاہور سمیت پنجاب کے 7بڑے شہروں میں دہشت گردی کی آگ بھڑکانے کی پوری تیاری کرچکے تھے-

وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ باری تعالی نے قرآن مجید کی سورت بقرہ آیت نمبر11,12 میں فرمایا ہے کہ ” جب ان سے کہا جائے کہ زمین پر فساد نہ پھیلاؤ ، تو کہتے ہیں کہ ہم تو اصلاح کرنے والے ہیں“- رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ عوام سے ہماری اپیل ہے کہ اس آیت ربانی سے رہنمائی لیں اور فسادیوں کے جھانسے میں نہ آئیں -عوام نے مسلم لیگ (ن) کو بھی پونے دو کروڑ ووٹ دیئے ہیں - ہمارا ووٹراس وقت اضطراب میں ہے اور ہم سے یہ مطالبہ کررہا ہے کہ ہم پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے - پاکستان کی خوشحالی کا سفر روکنے کی سازش ناکام بنانے کے لئے ہمیں بھی سڑکوں پر نکلنے کی اجازت دی جائے-انہوں نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ آج ماڈل ٹاؤن میں جتنے فراڈیئے اکٹھے ہوئے، پاکستان کی جمہوری قوتیں ان کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :