لانگ مارچ ہونے کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ نے کرنا ہے کسی کو بھی قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا،خواجہ سعد رفیق

پیر 11 اگست 2014 04:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اگست۔2014ء)وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کورکمیٹی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے قائدین نے لانگ مارچ کی تیاریوں پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔اتوار کے روز خواجہ سعد رفیق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کسی خوش فہمی میں مبتلا نہ رہیں کیونکہ ہم نے جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف لانگ مارچ کی تیاریاں نہیں کرپائی کیونکہ کور کمیٹی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنماؤں نے لانگ مارچ کی تیاریوں پر اظہار مایوسی کیا ہے۔

سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ غیر آئینی اور غیرجمہوری ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی حکومت جمہوریت کو پٹڑی سے اترنے دیگی کیونکہ جہوریت کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے۔