آل پاکستان مسلم لیگ کی تنظیم نو، پرویز مشرف چیئرمین منتخب ‘ موجودہ ملکی اور سیاسی حالات پر مشرف کی جانب سے حکومت پر کڑی تنقید ‘ آل پاکستان مسلم لیگ کے کنونشن کے دوران( ن) لیگ کے کارکنوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی ‘ کنونشن بدنظمی کا شکار،موجودہ حکومت ہی ملک کے بدترین حال کی ذمہ دار ہے،پرویز مشرف،حکومت مسائل کا حل نہیں کر سکتی تو مستعفی ہوجائے ،اس نے اپنی نالائقیاں چھپانے کیلئے نہتے عوام کو پولیس اور رینجرز کے سامنے لاکھڑا کردیا،میں ان لوگوں میں سے نہیں جو ملک کو لوٹنے کے بعد ملک سے بھاگ جائیں یہ ملک میری جان ہے ،یہاں رہ کر اس کی خدمت کروں گا، اسلام آباد میں پارٹی کنونشن میں کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب

پیر 11 اگست 2014 03:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اگست۔2014ء) آل پاکستان مسلم لیگ کی تنظیم نو جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف چیئرمین منتخب ‘ موجودہ ملکی اور سیاسی حالات پر مشرف کی جانب سے حکومت پر کڑی تنقید ‘ آل پاکستان مسلم لیگ کے کنونشن کے دوران ن لیگ کے کارکنوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی ‘ کنونشن میں بدنظمی کا شکار۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ کی تنظیم نو کرکے تمام پارٹی تنظیموں کو تحلیل کردیا۔

اتوار کے روز سابق صدر پرویز مشرف اسلام آباد میں پارٹی کنونشن میں کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے ، صدارت کا عہدہ چھوڑتے وقت قومی خزانے میں سترہ ارب موجود تھے اس وقت ملک پر قرضہ کم ہوکر چھتیس ارب تک آگیا تھا جبکہ پچاس ارب سابق اور موجودہ حکومت نے استعمال کئے قوم کو بتایا جائے کہ وہ کہاں استعمال ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سترہ جون اور گزشتہ دو روز میں بائیس لوگوں کی شہادت پر گہرے کا اظہار کرتا ہوں حکومت اپنی نالائقیاں چھپانے کیلئے نہتے عوام کو پولیس اور رینجرز کے سامنے لاکھڑا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی شہادت پر بھی ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔

پرویز مشرف نے کہا کہ میں ان لوگوں میں سے نہیں جو ملک کو لوٹنے کے بعد ملک سے بھاگ جائیں یہ ملک میری جان ہے میں نے اس کے ساتھ جینے اور مرنے کی قسم کھائی ہے۔

میں اس ملک میں رہ کر اس ملک کی خدمت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسائل کا حل نہیں کر سکتی تو مستعفی ہوجائے ملک کی ترقی پر فل سٹاپ لگایا ہوا ہے۔ موجودہ حکومت ہی ملک کے بدترین حال کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر حکومت پاکستان کو واضح اور دلیرانہ موقف اختیار کرنا چاہیے کیونکہ سارے اسلامی ممالک میں سب سے طاقتور ریاست پاکستان ہی ہے۔

کنونشن میں پرویز مشرف کو پارٹی کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا جبکہ ڈاکٹر امجد کو جنرل سیکرٹری بنا دیا گیا ہے پارٹی عہدے مشاورت کے بعد نامزد کیے جائیں گے۔ مشرف نے کامیاب کنونشن منعقد کروانے تک کارکنوں کو مبارکباد پیش کی جبکہ کنونشن میں مشرف کی 71 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ بعد ازاں کنونشن کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء چوہدری اشرف گجر کے حامیوں اور کنونشن کی سکیورٹی پر معمور اہلکاروں کے درمیان ہاتھاپائی کی وجہ سے بدنظمی پید اہوگئی تاہم معاملات کو صلح صفائی کے ذریعے حل کرلیا گیا کنونشن میں پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرار دادیں بھی منظور کی گئیں جبکہ کنونشن سے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد اور سیکرٹری اطلاعات اے پی ایم ایل چوہدری اسد محمود نے بھی خطاب کیا۔