انقلاب و آزادی مارچ کے پیش وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ،فیض آباد سمیت دارالحکومت کی تمام داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ، وفاقی پولیس کے دس ہزار، آزاد کشمیر کے ایک اور پنجاب پولیس کے چار ہزار اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 15ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار اسلام آباد بھر کی سیکیورٹی پر مامور ہونگے،جدید امریکی کٹس،اسلحہ، ربڑ کی گولیاں، آنسو گیس کے شیل،ہلمٹ،ڈنڈے و دیگر ساز و سامان سے لیس کر دیا گیا، آج دارالحکومت کی فضائی نگرانی بھی شروع کر دی گئی

اتوار 10 اگست 2014 09:16

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اگست۔2014ء)انقلاب و آزادی مارچ کے پیش وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ فیض آباد سمیت دارالحکومت کی تمام داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔مارچ اور یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے وفاقی پولیس کے دس ہزار، آزاد کشمیر کے ایک اور پنجاب پولیس کے چار ہزار اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 15ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار اسلام آباد بھر کی سیکیورٹی پر مامور ہونگے جنہیں جدید امریکی کٹس،اسلحہ، ربڑ کی گولیاں، آنسو گیس کے شیل،ہلمٹ،ڈنڈے و دیگر ساز و سامان سے لیس کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزارت داخلہ کی ہدایات پر آج اتوار سے دارالحکومت کی فضائی نگرانی بھی شروع کر دی گئی ہے ، شہر میں آرٹیکل 245کے نفاذ کے پیش نظر پارلیمنٹ ہاوٴس کی سیکیورٹی پہلے ہی فوج کے حوالے کی جا چکی ہے جبکہ دیگر اہم و حساس مقامات کی سیکیورٹی بھی فوج آج سے اپنے کنٹرول میں لے لے گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی ہدایات پر وفاقی دارالحکومت میں آزادی و انقلاب مارچ اور یوم آزادی کی تقریبات کے باعث سیکیورٹی انتظامات کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

شہر کے سیکیورٹی انتظامات پر مجموعی طور پر 15ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جن میں اسلام آباد پولیس کی اہلکاروں کی تعداد تقریباً 10اہزار ہے جبکہ آزاد کشمیر کے ایک ہزار اور پنجاب پولیس کے چار ہزار اہلکار بھی آج سے باقاعدہ طور پر اسلام آباد پولیس کے ساتھ ملکر سیکیورٹی انتظامات سنبھالیں گے۔پولیس ذرائع کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرنے کے لئے ابتدائی طور پر 900کنٹیرز حاصل کیے گئے تھے مگر ہفتہ کے روز پنجاب میں حالات خراب ہونے کے باعث مزید کنٹینرز بھی حاصل کیے گئے ہیں جو اسلام آباد کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر نصب کر کے شہر کو ہر طرح سے مکمل طورپر سیل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے اسلام آباد پولیس کو پہلے ہی سیکیورٹی انتظامات کے لئے 5کروڑ چالیس لاکھ سے زائد کی گرانٹ بھی جاری کی چکی تھی جس سے اس موقع کی مناسبت سے اسلام آباد پولیس کے اضافی آلات،جدید کٹس،خفیہ کیمرے،ہلمٹ، آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں خریدی گئی ہیں۔ہفتہ کی شام ایس ایس پی اسلام آباد کی ہدایات پر فیض آباد انٹر چیلنج سمیت اسلام آباد کے دیگر داخلی راستوں پر وفاقی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفر ی بھی تعینات کر دی گئی ہے جنہیں جدید ساز و سامان اور اسلحے سے لیس کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان اسلام آباد پولیس نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی اسلام آباد نے پولیس کو سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق اس موقع پر وہ خود شہر میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے اور دفعہ 144کے نفاذ کو بھی یقینی بنایا جائے ۔