پاکستان بیش بہا قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا ہے،بعض عناصر ملک کو عدم استحکام سے دو چار کرنا چاہتے ہیں:شہبازشریف،قوم اس سال اپنا68واں یوم آزادی منا رہی ہے،افسوس کی بات ہے کہ یوم آزادی کو متنازعہ بنایا جارہا ہے ،کچھ سیاسی اور کچھ غیر سیاسی عناصر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کی کوشش کررہے ہیں،عوام ان کا ساتھ نہیں دیں گے، قوم جاننا چاہتی ہے کہ لانگ مارچ اور دھرنے کے پیچھے اصل مقاصد کیا ہیں؟ لانگ مارچ اور دھرنا دینے والے نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو،دور آمریت میں غریب عوام کی کمائی لوٹنے والے انقلاب کے نعرے لگارہے ہیں،18کروڑ عوام ملک کی ترقی کے خلاف سازشوں کو دفن کردیں گے،یہ وقت منفی سیاست کا نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کا ہے،وزیراعلیٰ کی مختلف وفود سے گفتگو

اتوار 10 اگست 2014 09:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اگست۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بیش بہا قربانیوں اورخون کے دریا عبور کر کے معرض وجود میں آیا ہے اور قوم اس سال اپنا 68واں یوم آزادی مناررہی ہے لیکن کس قدر افسوس کی بات ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے اس اہم ترین دن یوم آزادی کو متنازعہ بنایا جارہا ہے اور وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

کچھ سیاسی اور کچھ غیر سیاسی عناصر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کی کوشش کررہے ہیں۔عوام ان عناصر سے بخوبی آگاہ ہیں اوران کے ملک کو ترقی کے راستے سے ہٹانے کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔وہ یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگوکررہے تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے جس کا احترام کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پارٹی کو دےئے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھے گی اور ملک کو تمام مسائل سے نجات دلا کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے گذشتہ ایک سال کے دوران ملک بھر میں تعمیرو ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے ۔انفراسٹرکچراورتوانائی کے بڑے منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی خدمت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

احتجاجی عناصر کو عوامی خدمت اور عوام کی ترقی اورخوشحالی گوارا نہیں اس لیے وہ ملک کو افراتفری اورمحاذآرائی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی کے دشمن نہیں چاہتے کہ ملک میں سرمایہ کاری فروغ پائے اورمفادعامہ کے فلاحی منصوبے کامیابی سے ہمکنار ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک کو کرپشن کی لعنت سے پاک ہونے کا عزم کررکھا ہے اورکرپشن کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا اورہمارے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین بھی ہم پر ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اورامن وامان قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے اورقیام امن کے لئے آئین اورقانون کے مطابق ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے خواتین اور بچوں کو ڈھال بنانا سیاست ہے نہ انسانیت۔غیر سیاسی عناصر ملک میں انتشار اور مایوسی پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ لانگ مارچ اور دھرنے کے پیچھے اصل مقاصد کیا ہیں؟ لانگ مارچ اور دھرنا دینے والے نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔انہوں نے کہا کہ 18 کروڑ عوام ملک کی ترقی کے خلاف سازشوں کو دفن کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے قرضے معاف کروانے والے آج انقلاب کے نعرے لگارہے ہیں۔ دور آمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں نے غریب قوم کی محنت کی کمائی کو بے دردی سے لوٹا۔اقرباء پروری کو فروغ دیااورمیرٹ اورقانون کی دھجیاں اڑائیں اور آج وہ ایک غیر سیاسی شخص کے ساتھ مل کر انقلاب کے نعرے لگارہے ہیں۔عوام ان چہروں کو اچھی طرح پہنچانتے ہیں اور وہ کسی صورت ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں-پوری قوم پاک افواج کی کامیابی کے لئے دعا گو ہے -انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں ملک کسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا -انتشا ر پھیلانے کی کوشش کرنے والے ملک و قوم کے حال پر رحم کریں -انہو ں نے کہاکہ یہ وقت منفی سیاست کا نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کا ہے۔