دہشتگردی کے خاتمے کیلئے طویل مدت حکمت عملی تشکیل دی جائے ،ریاست کو عسکریت پسندی کے مکمل خاتمے تک لڑنا ہوگا، قومی سلامتی کانفرنس کا اتفاق،کانفرنس میں مسلح افواج کی کامیابیوں کو خراج تحسین اور ملک کیلئے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ، مربوط اقدامات کے ذریعے دہشتگردوں کو رقوم کی فراہمی روکی جارہی ہے ، بے گھر ہونے والے لوگوں کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جارہے ہیں،انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑینگے ، مسلح افواج آپریشن ضرب عضب میں عوام کے جان ومال کے تحفظ اور بڑا نقصان نہ ہونے کو یقینی بنانے کی پالیسی پر کاربند ہیں، وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کی صدارت میں ہونے والی قومی سلامتی کانفرنس کے بعد جاری بیان، دہشتگرد بھاگ رہے ہیں، ان کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم تباہ کردیا گیا، ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل عامرریاض کی سیاسی قیادت کو جاری آپریشن ضرب عضب کی بریفنگ، آپریشن ضرب عضب کے شہداء کیلئے فاتح خوانی بھی کی گئی

اتوار 10 اگست 2014 09:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اگست۔2014ء) وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کی صدارت میں ہونے والی قومی سلامتی کانفرنس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ریاست کو عسکریت پسندی کے مکمل خاتمے تک لڑنا ہوگا اور اتفاق کیا گیا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے طویل مدت حکمت عملی تشکیل دی جائے ، انتہا پسندی پر توجہ دی جائے اور کانفرنس میں مسلح افواج کی کامیابیوں کو خراج تحسین اور ملک کیلئے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے جبکہ کانفرنس کو بتایا گیاہے کہ مربوط اقدامات کے ذریعے دہشتگردوں کو رقوم کی فراہمی روکی جارہی ہے ، بے گھر ہونے والے لوگوں کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جارہے ہیں اورانہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑینگے ، مسلح افواج آپریشن ضرب عضب میں عوام کے جان ومال کے تحفظ اور بڑا نقصان نہ ہونے کو یقینی بنانے کی پالیسی پر کاربند ہیں ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی قومی سلامتی کانفرنس میں قومی اسمبلی کی تمام بڑی جماعتوں کے سربراہوں اور نمائندوں سمیت فوجی قیادت نے شرکت کی ۔ کانفرنس کے بعد جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل عامرریاض نے سیاسی قیادت کو جاری آپریشن ضرب عضب کی تفصیلات اور اب تک حاصل ہونے والے مقاصد سے آگاہ کیا ۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل محمد ظہیر الاسلام ، ڈی جی ایم او میجر جنرل عامر ریاض اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ بھی کانفرنس میں شریک ہوئے ۔ کانفرنس کے شرکاء کو آپریشن ضرب عضب کے دوران خالی کرائے گئے علاقوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ دہشتگرد بھاگ رہے ہیں اور ان کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم تباہ کردیا گیا ہے ۔

اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران ضروری قانونی اور آئینی تحفظ پاکستانی فوج کو فراہم کیا گیا ہے اس امر پر مسرت کا اظہارکیا گیا کہ سیاسی جماعتوں سے پوری قوم نے دہشتگردوں اور ان کے نظریات کو مسترد کردیا ہے ۔ کانفرنس کے دوران انتہائی خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اتفاق کیا کہ ریاست کو لڑنا پڑے گا تاکہ عسکریت پسندی کا خاتمہ کیاجاسکے ۔

اس امر پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے طویل مدت حکمت عملی تیار کی جائے اور اس موقع پر انتہا پسندی کیخلاف کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔ اجلاس میں کامیاب آپریشن اور اب تک کی کامیابیوں پر بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ ان بہادر قبائلی بھائیوں کی قربانیوں اور پاکستان سے محبت کو بھی سراہا گیا جو مشکلات برداشت کررہے ہیں اجلاس کو بتایا گیا کہ مسلح افواج کے مربوط اقدامات سے دہشتگرد تنظیموں کی مالی امداد روکی جارہی ہے یہ بھی بتایا گیا کہ آئی ڈی پیز کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جارہے ہیں اورانہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ۔

حکومت بھی آئی ڈی پیز کی بحالی اور دوبارہ آباد کاری کیلئے جامع حکمت عملی تیار کرچکی ہے ۔ اجلاس میں خاص طور پر ترقیاتی منصوبوں اور پورے فاٹا کی تعمیر نو پر زوردیا گیا کانفرنس کو بتایا گیا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران مسلح افواج کی واضح پالیسی ہے کہ اجتماعی نقصان نہیں ہونے دینگے اور بے گناہ شہریوں کے جان ومال کو تحفظ دیا جائے گا ۔ اجلاس میں اس ضرورت پر بھی زور دیا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت اور قریبی رابطے کو فروغ دیاجائے تاکہ کوئی دہشتگرد ہمارے ملک میں داخل نہ ہوسکے ۔

اجلاس کے شرکاء نے آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکومت پر زوردیا کہ وہ ان کے لئے مزید وسائل فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے ۔ انہوں نے اتفاق کیا کہ مسلح افواج کامیابی سے آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہیں اور سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔ قبل ازیں اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کے شہداء کیلئے فاتح خوانی بھی کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :