چین کا سندھ سے سمگل کیے گئے 200 پاکستانی کچھوے واپس کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 9 اگست 2014 05:27

بیجنگ ، اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اگست۔2014ء ) چین نے صوبہ سندھ سے سمگل کیے گئے 200کے قریب میٹھے پانی کے کچھووں کو پاکستان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ،یہ کچھوے صوبہ سندھ سے سمگل کیے گئے تھے۔محکمہ جنگلی حیات کے چیف کنزرویٹر جاوید مہر نے بی بی سی کو بتایا کہ رواں سال جولائی میں چین کے سرحدی شہر کاشغر میں ایک ڈرائیور نے اپنے چینی کسٹم حکام کو بتایا کہ اس کی گاڑی میں کوئی مشکوک سامان موجود ہے جس کی تلاشی کے دوران میٹھے پانی کے دوسو کے قریب کچھوے زندہ حالات میں برآمد کیے گئے۔

اس برآمدگی کے بعد چینی حکام نے ایک چینی شہری کو گرفتار کیا جس کی نشاندہی پر دو پاکستانی شہریوں کو بھی حراست میں لیا گیا، جن میں سے ایک کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ دوسرج ہنزہ کا رہائشی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق یہ کچھوے ماحول کے بقا کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی ادارے آئی یو سی این کی معدوم ہونے والی حیات کی سرخ فہرست میں شامل ہیں اور چین میں بھی یہ پہلی کیٹگری میں موجود ہیں۔

محکمہ جنگلی حیات یا کسی غیر سرکاری ادارے کے پاس پاکستان میں میٹھے پانی کے کچھووں کی درست تعداد تو موجود نہیں تاہم جاوید مہر کا کہنا ہے کہ انڈس ریور سسٹم میں کسی زمانے میں ان کچھووں کی بہتات ہوتی تھی۔ لیکن اس کے بے دریغ شکار، دریا میں شہروں کے نکاسی آب کے نظام اور کہیں کہیں پانی کی سطح کم ہوجانے کی وجہ سے ان کی تعداد میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :