لاہور میں میدان سج گیا، ماڈل ٹاوٴن میں پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنوں میں تصادم، متعدد پولیس اہلکار زخمی،عوامی تحریک کے کارکنوں نے ماڈل ٹاوٴن میں پولیس کی جانب سے لگائے گئے کنٹینروں کو ہٹا کر تمام رکاوٹیں توڑ دیں، پولیس کی جانب سے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ ، عوامی تحریک کے کارکنان نے پولیس اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ اور ان کی جیکٹیں چھین لیں، خوشاب میں کارکنوں نے تھانے کو آگ لگا دی، پنجاب بھر میں کریک ڈاوٴن شروع

ہفتہ 9 اگست 2014 04:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اگست۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے ماڈل ٹاوٴن میں پولیس کی جانب سے لگائے گئے کنٹینروں کو ہٹا کر تمام رکاوٹیں توڑ دیں جبکہ اس دوران پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنان کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس میں ڈنڈے لگنے سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے ماڈل ٹاوٴن میں پولیس کی جانب سے منہاج القر ان سیکریٹریٹ جانے والے راستوں پر کنٹینر لگائے گئے تھے جنہیں عوامی تحریک کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے مزاحمت کرکے ہٹادیا۔

عوامی تحریک کے مشتعل کارکنان کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور انہوں نے فیصل ٹاوٴن اور جناح چوک پر لگائے گئے کنٹینروں کو ہٹا دیا اور پولیس کی جانب سے لگائی گئی تمام رکاوٹیں بھی توڑ دیں۔

(جاری ہے)

اس دوران پولیس اور عوامی تحریک کے ڈنڈا بردار کارکنان کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس میں پولیس کی جانب سے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی گئی جس کے باعث کئی افراد بے ہوش ہوگئے جبکہ عوامی تحریک کے کارکنان کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا جس میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے اور کئی اہلکاروں کے سر بھی پھٹ گئے، عوامی تحریک کے کارکنان نے پولیس اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ اور ان کی جیکٹیں چھین لیں جبکہ کارکنان نے علاقے میں موجود پولیس کی گاڑیوں پر بھی توڑ پھوڑ کی جس کے بعد پولیس نے کارکنان کی گرفتاری کا عمل شروع کردیا ہے۔

پولیس کی جانب سے ماڈل ٹاوٴن اور اس سے ملحقہ علاقوں کی لائٹیں بند کرکے علاقے میں اضافی نفری کو تعینات کردیا گیا ہے جبکہ فیصل ٹاوٴن اور جناح ٹاوٴن کے علاقوں کی بھی لائٹیں بند کردی گئی ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع ہوگئی ہیں،ادھرپاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نیبس میں موجودپولیس اہلکاروں کویرغمال بنالیا،اورپولیس بس پرقبضہ کرلیا۔

کارکنوں نے پولیس بس کے شیشے بھی توڑدیے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے لیے پولیس کی مزید نفری کو طلب کیا گیا ہے۔دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان قاضی فیض کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے پورے صوبے کو کنٹینر کے سپرد کردیا ہے اور لاہور کا کوئی کونا ایسا نہیں ہے جہاں کنٹینر موجود نہ ہوں لیکن حکمران جتنی کوشش کرلیں چاہے یہ ہٹلر بھی بن جائیں ہمارے پر امن کارکنان رکنے والے نہیں ہیں اور اگر حکمرانوں نے یزیدی رویہ ترک نہ کیا تو یوم شہدا یوم انقلاب بن سکتاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بربریت پر اتری ہوئی ہے ہم اسے متنبہ کرتے ہیں اگر ظلم اور بربریت سے باز آجائے کیونکہ ہمارے کارکنان نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں جوبھی یوم شہدا کے راستے میں آئے گا اس کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ لاہور میں جہاں جہاں کنٹینررکھے گئے ہیں اگر انہیں حکومت نے دو گھنٹے کے اندر نہ ہٹایا اور شہر کو کلیئر نہ کیا تو کنٹینرز کو ماچس کی تیلیوں کی طرح اڑا دیں گے۔

ادھرپنجاب میں عوامی تحریک کے خلاف کریک ڈاوٴن جاری ہے اور سینکڑں کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے ‘عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق بھکر میں پولیس اور کارکنوں کے تصادم میں متعدد افراد زخمی ہو گئے‘یوم شہدا میں شرکت سے روکنے کے لیے پنجاب بھر میں عوامی تحریک کے کارکنوں کی گرفتاریاں جاری ہیں۔ بھکر میں خان سر کے مقام پر پولیس نے پی اے ٹی کے کارکنوں کے قافلے کو روک لیا جس پر کارکن مشتعل ہو گئے اور انہوں نے گاڑیوں کے شیشے توڑ دئیے۔

پولیس کی جانب سے آنسو گیس کے استعمال سے متعدد کارکن زخمی ہو گئے۔ زخمی کارکنوں کوہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ قائد آباد میں عوامی تحریک کے کارکنوں نے 4 پولیس اہلکاروں کو وین سمیت یرغمال بنا لیا تاہم ڈی سی او کی مداخلت کے بعد انہیں رہا کرا لیا گیا۔ گوجرانوالہ میں پی اے ٹی کے20عہدیداروں اور کارکنوں کو15 روز کے لیے نظر بند کر دیا گیا۔ترجمان کے مطابق حافظ آباد ، صادق آباد، جھنگ، شورکوٹ گوجرہ، داوٴد خیل، قصور اور سیالکوٹ سے عوامی تحریک کے 200 سے زیادہ کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

لیہ سے گرفتار کارکنوں کو ڈیرہ غازیخان جیل منتقل کر دیا گیا -گوجرانوالہ پولیس کاعوامی تحریک کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاوٴن جاری ،200کے قریب عوامی تحریک کے کارکنوں کومختلف تھانوں میں نظربندکردیاگیا،ضلعی صدرعمران حسین چوہان کوبھی گرفتارکرلیاگیا،حکومت پنجاب کی ہدایت پرسی ٹی پولیس آفیسروقاص ندیم نے ضلع بھرمیں پولیس کی ناکہ بندی کردی ہے اورجگہ جگہ ناکے لگادیئے گئے ہیں ،لاری اڈہ سیل اورجی ٹی روڈبندکردی گئی ہے ۔

دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے خوشاب کے تھانے قائد آباد میں ڈی ایس پی اور 3اہلکار یرغمال بنالیے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق خوشاب کے قائد آباد تھانے کو آگ لگانے والے مسلح کارکنوں نے اسلحہ بھی لوٹ لیا، حوالات بھی توڑی، ڈکیتی کے 3ملزم فرار ہوگئے، تھانے کا تمام ریکارڈ جل گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانا قائدآباد پر حملہ اورآگ لگانے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ پنجاب حکومت کو بھجوادی گئی۔

ابتدائی رپورٹ میں پولیس کا کہنا ہے کہ تھانے کو آگ لگانے والے عوامی تحریک کے کارکنوں نے اسلحہ بھی لوٹ لیا،کارکنوں کی جانب سے حوالات توڑنے کے باعث ڈکیتی کے 3ملزمان فرار ہوگئے،تھانے پر حملہ کرنے والے عوامی تحریک کے کارکن مسلح تھے اور پٹرول کی بوتلیں بھی لائے تھے جن کے آگ لگانے سے تھانے کاتمام ریکارڈ بھی جل چکا ہے۔