یو این او ڈی سی کا پاکستان سے انسداد منشیات کیلئے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار،خطہ کے تمام ممالک ایسی موٴثرحکمت عملی وضع کریں جس کی بدولت انسانی تجارت وتارکین وطن کی سمگلنگ جیسے جرائم کا قلع قمع کیا جاسکے،نمائندہ کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 8 اگست 2014 06:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اگست۔2014ء)اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی ) نے پاکستان سے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطہ کے تمام ممالک اکٹھے مل کر کام کریں اور ایک ایسی موٴثرحکمت عملی وضع کریں جس کی بدولت انسانی تجارت وتاریک وطن کی سمگلنگ جیسے جرائم کا قلع قمع کیا جاسکے۔

انسانی تجارت و تارکین وطن کی سمگلنگ کے خلاف عالمی جنگ میں اقوام متحدہ کے ایک اہم عزم اور اپنے عالمگیر لائحہ عمل کے تحت اقوام متحدہ کا دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم(یو این او ڈی سی )تمام علاقائی متعلقہ حلقوں کے مابین سرگرم تعاون کے لیے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔اس ضمن میں یواین اوڈی سی پاکستان نے بحرین، ایران، افغانستان، ترکی، قطراور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اعلیٰ افسران پر مشتمل ایک اجلاس منعقد کیا جس میں خطہ میں انسانی تجارت وتاریک وطن کی سمگلنگ کے حوالے سے سامنے آنے والے نئے راستوں اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

شرکاء نے خطے کے ممالک کے مابین معلومات کی فراہمی میں اضافہ کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پرزوردیا۔یواین اوڈی سی پاکستان کے نمائندے سیزر گوئیڈز نے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پوری دنیا میں ہرسال لاکھوں افراد اس جرم کا نشانہ بنتے ہیں اور اُن کا استحصال کیا جاتاہے۔اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ خطہ کے تمام ممالک اکٹھے مل کر کام کریں اور ایک ایسی موٴثرحکمت عملی وضع کریں جس کی بدولت انسانی تجارت وتاریک وطن کی سمگلنگ جیسے جرائم کا قلع قمع کیا جاسکے۔

سیزر گوئیڈزنے اِس عالمگیر لعنت کے خلاف اقدامات اٹھانے کی اہمیت اور علاقائی حل تلاش کرنے کی فوری ضرورت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان جرائم کی وجہ سے پوری دنیا میں لاکھوں افرادبالخصوص خواتین اور بچوں کی زندگیاں انتہائی متاثر ہوتی ہیں۔انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے انسانی تجارت و تارکین وطن کی سمگلنگ کے خاتمے کے ضمن میں کی جانے والی کاوشوں میں تعاون اورانہیں مستحکم بنانے کے حوالے سے یواین اوڈی سی پاکستان اپنی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گا۔ افتتاحی اجلاس میں آسٹریلین ہائی کمشنر پیٹرہیورڈکے علاوہ مختلف ممالک کے سفیروں اور سفارتی کمیونٹی کے ممبران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :