حکومتی اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ، انقلاب مارچ ضرور آئے گا،چوہدری شجاعت حسین، ملک میں کہیں جمہوریت نظر نہیں آتی ایسا لگتا ہے کہ حکمران ملک میں سول مارشل لاء لگا رہے ہیں، آزادی مارچ اور انقلاب مارچ سے گھبرا کر جس طرح حکومت نے ماڈل ٹاؤن کا محاصرہ کیا ہے اس سے لگتا ہے کہ وہ علاقہ جلیانوالہ ٹاؤن ہے، پریس کانفرنس

جمعہ 8 اگست 2014 06:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اگست۔2014ء)مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اس ملک میں کہیں جمہوریت نظر نہیں آتی ایسا لگتا ہے کہ حکمران ملک میں سول مارشل لاء لگا رہے ہیں حکومتی اوچھے ہتھکنڈوں سے ہم نہیں گھبراتے، انقلاب مارچ ضرور آئے گا، آزادی مارچ اور انقلاب مارچ سے گھبرا کر جس طرح حکومت نے ماڈل ٹاؤن کا محاصرہ کیا ہے اس سے لگتا ہے کہ وہ علاقہ جلیانوالہ ٹاؤن ہے ، ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کے خلاف مقدمے کی شدید مذمت کرتے ہیں، 245 کے تحت اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس سمیت دیگر عمارتوں کے لئے فوج کو بلانا غلط ہے، فوج ملک کی چوکیدار ہے، وزیراعظم ہاؤس کی چوکیدار نہیں، حکومتی حرکات سے لگتا ہے کہ ان کا آخری وقت آنے والا ہے، پرویز مشرف بہت جلد باہر چلے جائیں گے، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر کی جانے والی پریس کانفرنس میں کیا، انہوں نے کہا کہ یوم شہداء اور انقلاب مارچ سے حکومت اس قدر بوکھلا گئی ہے کہ اس نے منہاج القرآن کے محاصرہ کے لئے پورے ماڈل ٹاؤن کو محصور کر کے رکھ دیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ یہ علاقہ ماڈل ٹاؤن نہیں بلکہ جلیانوالہ ٹاؤن ہے،

اگر حکومت اسی انداز میں چلتی رہی جس طرح کی وہ حرکتیں کررہی ہے تو پھر یوم شہداء ماڈل ٹاؤن نہیں بلکہ جاتی عمرہ میں منایا جائے گا، ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، جہاں لوگوں کو انصاف کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہو۔

(جاری ہے)

ہم حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں گھبراتے نہ گرفتاریوں سے ڈرتے ہیں، ہم بھٹودور سے گرفتاریاں دیتے آرہے ہیں، آج ملک میں ایسا لگتا ہے کہ جیسے ملک میں جمہوریت نہیں بلکہ سول مارشل لاء لگا ہوا ہے لوگوں کو اکسانے پر طاہر القادری کے خلاف مقدمہ درج ہو جاتا ہے مگر جب ماضی میں لوڈشیڈنگ پر خادم اعلیٰ نے عوام کو اکسا کر توڑ پھوڑ کروائی تھی اس وقت کیوں ان کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوا، حکومتی حرکات سے لگتا ہے کہ اس حکومت کا آخری وقت آگیا ہے، عمران خان کے سوال پر چوہدری شجاعت نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری جلد اکٹھے ہوں گے ویسے بھی انقلاب کے بعد ہی آزادی آتی ہے، 245 کے سوال پر انہوں نے کہا کہ فوج کا کام ملک کی حفاظت یعنی چوکیداری کرنا ہے، فوج کا کام وزیراعظم ہاؤس کی چوکیداری کرنا نہیں ہے، انقلاب مارچ سے قبل مذاکرات ممکن نہیں، پرویزمشرف بہت جلد ملک سے باہر چلے جائیں گے۔