آزادی مارچ اور انقلاب کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کے لئے وزارت داخلہ نے اسلام آباد پولیس کو پانچ کروڑ چالیس لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کر دی ، آئی جی اسلام آباد نے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اسلام آباد پولیس کا اہم اجلاس طلب بھی کر لیا،سیکیورٹی انتظامات کے لئے پنجاب پولیس کے چار ہزار جبکہ آزاد کشمیر پولیس کے ایک ہزار اہلکاروں کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی

جمعہ 8 اگست 2014 06:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اگست۔2014ء)آزادی مارچ اور انقلاب کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کے لئے وزارت داخلہ نے اسلام آباد پولیس کو پانچ کروڑ چالیس لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کر دی ہے جبکہ آئی جی اسلام آباد نے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اسلام آباد پولیس کا اہم اجلاس طلب بھی کر لیا ہے۔آزادی مارچ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے لئے پنجاب پولیس کے چار ہزار جبکہ آزاد کشمیر پولیس کے ایک ہزار اہلکاروں کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے جو کل اسلام آباد پہنچے گی۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے اسلام آباد پولیس کو آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کے سیکیورٹی انتظامات کے لئے 54ملین روپے کی خطیر رقم جاری کر دی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ رقم سیکیورٹی انتظامات،آنسو گیس کی خریداری،سیکیورٹی اہلکاروں کے کھانے پینے کے بندوبست و دیگر انتظامات پر خرچ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب آئی جی اسلام آباد اسلام آباد پولیس کا اہم اجلاس بھی طلب کر لیا ہے ، اجلاس میں 10اگست کے انقلاب مارچ اور 14اگست کے تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے اعلی افسران شرکت کریں گے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لئے کل آزاد کشمیر پولیس کے 1000جبکہ پنجاب پولیس کے 4000اہلکار بھی اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔