14اگست کو بادشاہت ختم کر کے ملک میں حقیقی جمہوریت قائم کرینگے۔عمران خا ن،عوام اپنے بچوں اور ملک کے مستقبل کی خاطر 14اگست کو باہر نکلیں، جب تک انصاف نہیں ملے گا سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی راستہ نہیں،مٹہ سوات میں150کلو واٹ کے مائیکرو ہائیڈل پاورسٹیشن کے افتتاح کے موقع پرخطاب

جمعہ 8 اگست 2014 04:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اگست۔2014ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خا ن نے کہا ہے کہ 14اگست کو بادشاہت ختم کر کے ملک میں حقیقی جمہوریت قائم کرینگے۔عوام اپنے بچوں اور ملک کے مستقبل کی خاطر 14اگست کو باہر نکلیں، جب تک انصاف نہیں ملے گا سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ان خیالات کااظہار انھوں نے صوبے میں 365چھوٹے بجلی گھروں کے قیام کے ابتدائی مرحلے میں مٹہ سوات میں150کلو واٹ کے مائیکرو ہائیڈل پاورسٹیشن کے افتتاح کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اب حکومت کی جانب سے ہمیں منانے کا وقت گزر چکا ہے ،پنجاب حکومت پولیس کے ذریعے ہمارے کارکنان کی پکڑ دھکڑ کر ہی ہے ،موٹر سائیکلیں ضبط کی جا رہی ہیں، ٹرانسپورٹرز کو روکاجا رہا ہے ،پورے پنجاب کو کو کنٹینرز لگا کر بند کیا جا رہا ہے تاہم حکومت یہ اقدامات کر کے خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ میں پنجاب حکومت کو متنبہ کرتا ہوں کہ ہمارے کارکنان جذبات سے بھرے ہوئے ہیں،ہمار ا راستہ نہ روکا جائے۔انھوں نے سوال اٹھایا کہ اگر انہیں نظر بند کیا جائیگا تو کس قانون کے تحت ایسا کیا جائیگا؟عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے ہمارے کارکنوں اور عہدیداروں کو نظر بند کیا تو یہ حکمرانوں کی سیاسی خود کشی کے مترادف ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ 14اگست کو دکھاؤں گا کہ ظلم کے سامنے کیسے ڈٹا جاتا ہے ۔عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جلد دس ارب کی لکڑی چوری پکڑ لیں گے ،ٹمبر مافیا کیخلاف بھرپور کاروائی کی جائیگی اور خیبر پختونخوا میں ایک ارب مزید درخت بھی لگائے جائیں گے ۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے 14ماہ میں تاریخی کام کئے ہیں مگر بدقسمتی سے لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ہماری حکومت بدنام ہورہی ہے جس کے ذمہ دار بادشاہ سلامت ہیں۔

لوڈ شیڈنگ سے خیبر پختونخوا حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔ہم چھوٹے بجلی گھر تعمیر کر کے عوام کو دو روپے فی یونٹ اور چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرینگے۔خیبر پختونخوا سستی بجلی پیدا کرتا ہے جسے مرکز ہم پر دوبارہ مہنگی فروخت کر تا ہے ۔انھوں نے کہا کہ پوری دنیا کو پتہ ہے کہ کوئلے سے بننے والی بجلی مہنگی اور آلودگی پھیلاتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ بجلی کے نظام کیخلاف بھی عدالتوں میں جاؤں گا۔

۔ان کا کہنا تھا کہ میٹر و بس اس لئے بنائی جاتی ہے کہ اس میں اربوں کی کرپشن ہوتی ہے اور چھوٹے بجلی گھروں میں کرپشن نہیں ہوتی اسلئے حکمران یہ نہیں بناتے۔عمران خان نے کہا کہ میرے وزیر اعلیٰ اور وزراء شریف لوگ ہیں اگر ان کی جگہ میں ہوتا تو بجلی گھروں کا گھیراؤ کرتا۔عمران کان نے کہا کہ ہمارے لئے قانون کے دروازے بند ہو چکے ہیں،ہمارا مینڈیٹ چوری کیا جا رہا ہے ۔

زندہ قومیں انصاف کیلئے باہر نکلتی ہیں اور 14اگست کو پاکستانی قوم بھی ثابت کریگی کہ وہ زندہ قوم ہے ۔

میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی سے متعلق وہ 14اگست کو اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔قبل ازیں عمران خان نے اپنے خطاب کا آغاز پشتو میں کیا۔جب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے تقریر کرنے کے بعد ڈائس عمران خان کیلئے چھوڑ دیا تو عمران خان نے ڈائس پر آ کر پشتو میں وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ً ستا ڈیرہ مہربانی ً۔

بعد ازاں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سوات کے شاہی خاندان کے پرنس میاں گل اورنگزیب خان کی وفات پر ان کی رہائش گاہ جا کر ان کے لواحقین سے فاتحہ خوانی کی۔یاد رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خراب موسم اور بارش کے باوجود ایک مرتبہ پھر رسک لیتے ہوئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سوات پہنچے۔اس سے قبل عمران خان عید کے روز خراب موسم کے باوجود رسک لیتے ہوئے عید بنوں میں موجود آئی ڈی پیزکیساتھ منانے کیلئے ہیلی کاپٹر میں روانہ ہو گئے تھے تاہم انتہائی خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کوہاٹ میں اتارنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :