سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت، حکومت نے جماعت اسلامی کی تجاویز پر مثبت جواب دینے کا فیصلہ کرلیا، 8 حلقے کھولنے پر اتفاق، طریقہ طے کرنے پر غور، وزیراعظم کی سراج الحق سے ایک اور ملاقات کی خواہش کا اظہار، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار اور خواجہ سعد رفیق کے جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطے، خورشید شاہ کا سراج الحق کو ٹیلیفون، جماعت اسلامی نے تصدیق کردی،امیر جماعت اسلامی کی وزیراعظم سے ایک دو روز میں ملاقات ہوگی، امیر العظیم

جمعہ 8 اگست 2014 04:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اگست۔2014ء)سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت، حکومت نے جماعت اسلامی کی تجاویز پر مثبت جواب دینے کا فیصلہ کرلیا، 8 حلقے کھولنے پر اتفاق، طریقہ طے کرنے پر غور، وزیراعظم کی سراج الحق سے ایک اور ملاقات کی خواہش کا اظہار، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار اور خواجہ سعد رفیق کے جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطے، خورشید شاہ کا سراج الحق کو ٹیلیفون، جماعت اسلامی نے تصدیق کردی، امیر جماعت اسلامی کی وزیراعظم سے ایک دو روز میں ملاقات ہوگی ۔

باوثوق ذرائع نے”خبر رساں ادارے“ کو بتایاکہ سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت سامنے آرہی ہے اور حکومت نے سراج الحق کا مشورہ مانتے ہوئے اپوزیشن جماعت جماعت اسلامی کی تجاویز پر مثبت جواب دینے کا فیصلہ کرلیاہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملاقات کے دوران وزیراعظم میاں نوازشریف کو عمران خان کے مطالبات پیش کرتے ہوئے مشورہ دیا تھا کہ جمہوریت میں لچک دار اور مفاہمتی رویہ چلتاہے اگر آصف علی زرداری مخلوط حکومت کے ساتھ 5 سال پورے کرسکتی ہے تو مسلم لیگ ن کے پاس دوتہائی اکثریت ہے اسے بھی مفاہمت کی پالیسی اختیار کرنا چاہیے اور ٹکراؤ سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس وقت صورتحال ایسی نہیں ہے جبکہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے برداشت کو فروغ دیا جائے اور عمران خان کے حلقے کھولنے کے مطًالبے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے جس پر وزیراعظم میاں نوازشریف نے مشاورت کے بعد جواب دینے کا فیصلہ کیا ۔

ذرائع نے مزید بتایاکہ امیر جماعت اسلامی و دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد وزیراعظم میاں نوازشریف نے اپنے قریبی رفقاء اور کابینہ اراکین سے مشاورت کی اور فیصلہ کیا کہ جماعت اسلامی کی تجاویز کا مثبت جواب دیا جائیگا ۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ حکومت نے 8 حلقوں کے کھولنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے البتہ طریقہ کار طے کیا جارہاہے۔

اس سلسلے میں جب ”خبر رساں ادارے“ نے موقف جاننے کیلئے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان امیر العظیم سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہاکہ حلقے کھولنے پر حکومت نے رضا مندی کا اظہار کیا ہے کہ 8 کے بجائے 16یا اس سے بھی زیادہ کھول لئے جائیں مگر اس کیلئے ایک طریقہ کار طے کرنے کی ضرورت ہے کہ کس میکنزم کے تحت ان حلقوں کی کاؤنٹنگ کی جائیگی ۔

انہوں نے مزید بتایاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے امیر جماعت اسلامی سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیاہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے ٹیلیفونک رابطوں کی بھی تصدیق کی ہے انہوں نے مزید بتایاکہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بھی امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ٹیلفونک رابطہ کیاہے ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں امیر العظیم کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا جلسہ تحریک انصاف کا حق ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی خواہش ہے کہ ملک میں کوئی ہنگامہ یا حادثہ نہ ہواور معاملات افہام تفہیم سے حل ہوجائیں اس لئے مرکزی حکومت کو بھی تحمل و برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے ایک اور سوال پر کہاکہ وزیراعظم سے آج (جمعہ ) ملاقات کے امکانات کم ہیں کیونکہ امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخواہ میں مصروف ہیں البتہ پرسوں ملاقات کے قوی امکانات ہیں۔