چودہ اگست کو اسلام آباد بوٹوں والوں کے نہیں عوام کے حوالے کرینگے،عابد شیر علی،ملک میں انتشار پھیلانے والوں اورتخریب کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، انتشار پھیلانے والی قوتیں طالبان کی نمائندہ ہیں ، قوم نواز شریف کے ساتھ ہے کوئی طاقت نواز شریف کو اقتدار سے الگ نہیں کرسکتی،تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے کہتا ہوں کہ وہ پارلیمنٹ میں آکر باتیں ہم بات کرنے کیلئے تیار ہیں، میپکو ہیڈکوارٹر میں جشن آزادی کے شرکاء سے خطاب اور گفتگو

جمعرات 7 اگست 2014 06:45

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اگست۔2014ء) وفا قی وزیر مملکت برا ئے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ چودہ اگست کو ہم اسلام آباد پاک فوج کے بوٹوں والوں کے حوالے نہیں بلکہ عوام کے حوالے کرینگے اور ان کے تعاون سے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کرینگے ، ملک میں انتشار پھیلانے والوں اورتخریب کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو ہیڈکوارٹر میں جشن آزادی کے شرکاء سے خطاب اور خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہو ں نے کہا کہ نواز شریف کا پیار و محبت کا پیغام ہے عمران خان اور دوسرے انتشار پھیلانے والے ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کی بجائے آئیں پارلیمنٹ میں بات کریں اور وہاں مسائل حل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات پاک فوج کے شہداء کے نام کردی ہیں پوری ملک اور قوم فوج کے ساتھ ہے ان کی شہادتوں کو سلام کرتا ہو ں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتشار پھیلانے والی قوتیں طالبان کی نمائندہ ہیں وہ پاک فوج اور پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے آج پاکستان مشکلات کا شکار ہے پاکستان کو نواز شریف نے خوشحالی کی راہ کی جانب گامزن کردیا ہے آج جنگ ملک کی خوشحالی اور ترقی لانے والوں اورانتشار پھیلانے والوں کے مابین ہیں ۔

عمران خان طالبان کیخلاف نہیں بولتے نہ ہی پاکستان اور پاکستان کی فوج کے حق میں بولتے ہیں نواز شریف کی قیادت میں ملک میں ترقی ہوگی۔

وزیراعظم نے جو قوم سے وعدے کئے تھے وہ مکمل ہورہے ہیں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے دیامر بھاشا ڈیم ، داسو ڈیم اور کراچی پورٹ قاسم جیسے منصوبے شامل ہیں شروع کئے ہیں جامشورو اور ساہیوال میں بھی منصوبے شروع کئے ہیں ہم ملک میں امن و سلامتی کا پیغام لے کر نکلے ہیں قوم نواز شریف کے ساتھ ہے کوئی طاقت نواز شریف کو اقتدار سے الگ نہیں کرسکتی اور نہ ہی کوئی کرپشن کا الزام لگا سکتا ہے ہم نے پہلا دھماکہ ایٹمی دھماکہ کرکے کیا تھا اور اب ڈیموں کے دھماکے کررہے ہیں ۔

جو لوگ ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں وہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں مگر نواز شریف کی قیادت نے کوئی بھی پاکستان کی ترقی کے سفر کونہیں روک سکتا یہ سفر نواز شریف نے ملک کی خوشحالی کیلئے شروع کیا ہے میں گجرات کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ وہ اپنے مسترد شدہ لوگوں سے پوچھیں کہ جو سیاسی یتیم ہیں وہ سہارے ڈھونڈ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا طاہر القادری جہاں سے آئے تھے جدھر کی خاک ہیں وہی واپس چلے جائیں اسلام میں کہاں لکھا ہے کہ انتشار پھیلایا جائے ۔

انہوں نے کہا کوئی ہمیں بادشاہت کے طعنے دیتا ہے اور کوئی عدلیہ کیخلاف بول رہا ہے لیکن ہم ایشوز پر کام کررہے ہیں ۔ پارلیمنٹ موجود ہے جس نے آنا ہے پارلیمنٹ میں آکر بات کرے اور مسائل کا حل نکالیں ۔ ماضی کے حکمرانوں نے کرپشن کی انتہا کردی تھی میں تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے کہتا ہوں کہ وہ پارلیمنٹ میں آکر باتیں ہم بات کرنے کیلئے تیار ہیں ہمیں مینڈیٹ اٹھارہ کروڑ عوام نے دیا ہے ہم عمران خان کے مینڈیٹ کا بھی احترام کرتے ہیں اور اپوزیشن والوں کیلئے آزاد عدلیہ موجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید سیاسی یتیم ہے جب وہ وزیر اطلاعات تھا میں ملتان جیل میں تھا جاوید ہاشمی کو اس وقت پچیس سال قید ہوئی تھی آج انہوں نے بھی عدالت سے سٹے لے رکھا ہے ۔ چار حلقوں کا مطالبہ کرنے والے بتائیں کہ ان کے لوگوں نے عدالت عالیہ سے سٹے کیوں لے رکھے ہیں موجودہ حکومت کو اللہ تعالیٰ نے دو سو سیٹوں سے نوازا ہے پیپلز پارٹی دوسرے نمبر پر ہے ہم عمران خان کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں چاہتے تو کے پی کے میں اس کی حکومت نہ بنے دیتے عمران خان آئیں ہمارے ساتھ مل کر پاک فوج کی آواز بنتے ہوئے پاک فوج زندہ باد کا نعرہ لگا کر طالبان کیخلاف لڑیں انہیں بتانا ہوگا کہ ان کا ایجنڈا کیا ہے جبکہ میرے قائد کہتے ہیں کہ پارلیمنٹ موجود ہے اور آئین پاکستان کے مستقبل کا ضامن ہے کے پی کے میں ایک سال گزرنے کے باوجود بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے اور نہ ہی صحت اور تعلیم پر توجہ دی ۔