بھارتی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل دلبیر سنگھ کی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور سیکرٹری داخلہ سے اعلی سطحی میٹنگ‘ کشمیر میں تازہ ترین سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال‘ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے تمامتر اقدامات کئے جائیں گے‘ جنرل دلبیر سنگھ سہاگ

جمعرات 7 اگست 2014 06:45

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اگست۔2014ء) بھارت کے نومنتخب فوجی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل دلبیر سنگھ سہاگ نے نئی دہلی میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور سیکرٹری داخلہ انیل گوسوامی کیساتھ اعلی سطحی میٹنگ کی اور کشمیر کی تازہ ترین سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران نومنتخب فوجی سربراہ جنرل سہاگ نے کہا کہ اگرچہ لائن آف کنٹرول سے عسکریت پسندوں کی دراندازی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور گذشتہ دنوں مزھل سیکٹر میں دراندازی کرنے والے عسکریت پسندوں کے منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا گیا اور جوابی کارروائی کے دوران چار عسکریت پسند جاں بحق ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کو کچلنے‘ دراندازی روکنے اور لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کو مکمل طور پر روکنے کیلئے کارگر اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاکہ ریاست جموں و کشمیر میں جاری عسکریت پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔

(جاری ہے)

فوجی سربراہ نے کہا کہ امن و امان بحال کرنے اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے سلسلے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جارہی۔

انہوں نے وزیر داخلہ کو یقین دلایا کہ ریاست میں امن و امان بحال کرنے کیلئے فوج کی جانب سے ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور 15 اگست یوم آزادی کے موقع پر کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے تمام خفیہ اداروں کو تاکید کی ہے کہ مجاہدین کے منصوبوں کے بارے میں تمامتر تفصیلات جمع کی جائیں اور ناخوشگوار واقعات کو ٹالنے کے سلسلے میں فوجی و نیم فوجی دستوں اور پولیس کو چوکس رکھا جائے تاکہ لوگوں کے جان و مال کے تحفط کو یقینی بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :