آزادی مارچ روکنے کے لئے کپتان نے متنازعہ حلقوں میں دوبارہ الیکشن سمیت چار مطالبے پیش کر دئیے

جمعرات 7 اگست 2014 06:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اگست۔2014ء)عمران خان کی طرف سے موجودہ سیاسی بحران حل کرنے کے لئے سراج الحق کے ذریعے وزیر اعظم کو پہنچائے گئے 4مطالبات سامنے آگئے جن میں انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطحی کمیشن تشکیل دینے اور متنازعہ حلقوں میں دوبارہ الیکشن کرانے کا مطالبہ شامل ہے۔ذرائع کے مطابق کپتان نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے ساتھ ملاقات میں آزادی مارچ روکنے کے لئے نواز شریف سے 4مطالبات کئے ہیں جن میں سے پہلا مطالبہ یہ ہے کہ4متنازعہ حلقوں میں دوبارہ مطالبات کرائے جائیں،دوسرا یہ کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطحی کمیشن تشکیل دیا جائے،تیسرا کہ دھاندلی میں ملوث ریٹرننگ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے.عمران خان کی طرف سے چوتھا مطالبہ یہ پیش کیا گیا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات4حلقوں میں انتخابات سے پہلے کرائی جائیں۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی نے عمران خان کے چاروں مطالبات وزیر اعظم نواز شریف تک پہنچا دئیے اور وزیر اعظم نے ان مطالبات پر غور کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت آئندہ ایک یا دو روز میں ان مطالبات کو تسلیم کرلے گی کیونکہ ان مطالبات کی حیثیت وزیر اعظم کے استعفے اور مڈ ٹرم الیکشن کے مطالبے کے مقابلے میں بہت چھوٹی اور یہ مطالبات قابل قبول ہیں۔