تمام جمہوری قوتوں کافرض ہے وہ عوام کے مینڈیٹ کااحترام کریں ،وزیراعظم ،پاکستان کے تمام مسائل کاحل صرف مذاکرات اورجمہوریت کے ذریعے ہی نکل سکتاہے ،وزیراعظم سے سراج الحق کی وفد کے ہمراہ ملاقات ، امیرجماعت اسلامی نے ملک میں سیاسی جمودختم کرنے کیلئے عمران کی تجاویزپیش کیں ، وزیراعظم سے سیاسی رہنماوٴں کی بھی ملاقاتیں

جمعرات 7 اگست 2014 06:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اگست۔2014ء)وزیراعظم محمدنواز شریف سے امیرجماعت اسلامی سراج الحق ،لیاقت بلوچ اورمیاں اسلم نے (بدھ )کووزیراعظم ہاوٴس میں ملاقات کی ،جس میں امیرجماعت اسلامی نے ملک میں سیاسی جمودختم کرنے کیلئے وزیراعظم کوعمران کی تجاویزپیش کیں ۔وزیراعظم نے امیرجماعت اسلامی اوران کے وفدکاپی ایم ہاوٴس میں آمدپرشکریہ اداکیااورموجودہ سیاسی صورتحال میں ان کی مصالحتی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہاکہ تمام جمہوری قوتوں کافرض ہے کہ وہ عوام کے مینڈیٹ کااحترام کریں ،پاکستان کے تمام مسائل کاحل صرف مذاکرات اورجمہوریت کے ذریعے ہی نکل سکتاہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہم دوسری جماعتوں کے مینڈیٹ کااحترام کرتے ہیں اورآئندہ بھی کرتے رہیں گے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ سیاست کی بنیادنفرت یاچپقلش پرنہیں بلکہ باہمی احترام اورجمہوری اصولوں پرمبنی چاہئے ،امیرجماعت اسلامی نے وزیراعظم کے جمہوری کردارکوسراہاکہ انہوں نے صوبوں میں مختلف جماعتوں کے مینڈیٹ کوتسلیم کرنے کی روایت کومضبوط کیاہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرامیرجماعت اسلامی نے عمران خان کی جانب سے ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کوختم کرنے کیلئے تجاویزپیش کیں ۔وزیراعظم نے امیرجماعت اسلامی کوتجاویزپرغورکرنے کی یقین دہانی کرائی ،

امیرجماعت اسلامی نے فلسطین کے مسئلے پروزیراعظم کے جرأت مندانہ موٴقف کوسراہا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم کی طرف سے 17اگست کویوم فلسطین قراردینے کابھی فیصلہ کیاگیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم کی معاونت وفاقی وزراء چوہدری نثارعلی خان ،اسحاق ڈار،خواجہ سعدرفیق ،پرویزرشید،لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقادربلوچ ،شاہدخاقان عباسی اوروزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹرآصف کرمانی نے کی۔ادھرپاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے 14 اگست کے آزادی مارچ کی وجہ سے ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال کو ٹھنڈا کرنے کے لئے وزیراعظم نواز شریف سے اعجاز الحق سمیت مختلف سیاسی رہنماوٴں نے ملاقات کی ہے۔

میڈیارپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ ضیاء الحق، ساجد میر اور فاٹا کی سیاسی شخصیت جی جی جمال نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور عمران خان کی جانب سے 14 اگست کے آزادی مارچ سمیت ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔اس موقع پر اعجاز الحق نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا کہ ملک میں بڑھتے سیاسی درجہ حرارت کو ٹھنڈا کرنے کے لئے تمام سیاسی رہنماوٴں سمیت عمران خان سے بھی ملاقات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ احتجاج سب کا حق مگر 14 اگست کی اہمیت کو مد نظر رکھنا چاہیئے۔ اعجاز الحق عمران خان سے ملاقات کے بعد دوبارہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر اسحاق ڈار، پرویز رشید اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق بھی آج عمران خان سے ملاقات کے بعد وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں عمران خان کے آزادی مارچ کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔